ممبئی کی عمارت میں مہیب آتشزدگی، 7 افراد ہلاک

,

   

ممبئی: جنوبی ممبئی کے تاردیو علاقے میں واقع 20 منزلہ فلک بوس عمارت کملا بلڈنگ میں ہفتہ کی صبح تقریباً 7.30 بجے آگ لگنے سے 7 افراد ہلاک اور 23 زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق زخمیوں کو مقامی بھاٹیا اور سرکاری بی ایل نائر ہاسپٹل میں داخل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق تین افراد کی حالت تشویشناک ہے، جن کا علاج آئی سی یو میں کیا جا رہا ہے۔ جبکہ دیگر 12 کی حالت مستحکم ہے۔نائر ہاسپٹل کے ڈاکٹر کول نے بتایا کہ ان کے ہاسپٹل میں جھلسنے والے 4 افراد کو لایا گیا تھا، جن میں سے 2 کی موت ہو چکی ہے، جبکہ 2 کی حالت مستحکم ہے۔ ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر نے بتایا کہ ہاسپٹل کے لوگوں نے مریضوں کو قبول کرنے سے انکار کر دیا اور معلوم کیا جائے گا کہ ان لوگوں نے ایسا کیوں کیا۔ اس بارے میں بی ایم سی کمشنر کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔فائر بریگیڈ کی 13 گاڑیوں نے کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا ۔وزیراعظم نریندر مودی نے اس حادثہ پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور وزیراعظم قومی ریلیف فنڈ سے مہلوکین کے ورثا کو فی کس 2 لاکھ روپئے اور زخمیوں کو فی کس 50 ہزار روپئے دینے کا اعلان کیا گیا ۔ اسی دوران مہاراشٹرا حکومت نے مہلوکین کے ورثا کو 5 لاکھ روپئے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ حکومت نے حادثہ کی تحقیقات کا تیقن دیا ۔