ممبئی کے او این جی سی پلانٹ میں آتشزدگی، چار ہلاک

,

   

ممبئی 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے نوی ممبئی ٹاؤن میں واقع تیل و قدرتی گیس کارپوریشن (او این جی سی) کے پلانٹ میں آگ بھڑک اُٹھنے کے نتیجہ میں چار افراد ہلاک اور دیگر تین زخمی ہوگئے۔ او این جی سی نے کہا ہے کہ اس واقعہ کے باوجود تیل سے متعلقہ عمل پر کوئی اثرات مرتب نہیں ہوئے ہیں اور گیس کا رُخ گجرات کے ضلع سورت کے قریب واقع حظیرہ پلانٹ کی سمت موڑ دیا گیا ہے۔ پولیس نے کہاکہ نوی ممبئی کے اوران علاقہ میں واقع او این جی سی کے پراسیسنگ پلانٹ میں منگل کو صبح 7 بجے آگ بھڑک اُٹھی تھی۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے کہاکہ ’اس حادثہ میں چار افراد ہلاک اور دیگر تین زخمی ہوئے ہیں‘۔ ذرائع نے کہاکہ برساتی پانی کے بہاؤ کے لئے مختص ڈرینج میں آگ بھڑک اُٹھی تھی جس پر دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد کامیابی کے ساتھ قابو پالیا گیا۔ آگ بھڑک اُٹھنے کی وجہ کا ہنوز پتہ نہیں چل سکا ہے۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر قریبی دیہاتوں میں رہنے والوں کو اس علاقہ کا تخلیہ کرتے ہوئے محفوظ مقامات کو منتقل ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے۔