ممتا بنرجی کے طیارے میں اچانک خرابی ،تحقیق شروع

   

کولکتہ: وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی گزشتہ روز وارانسی سے کولکتہ لوٹ رہی تھیں کہ ان کا طیارہ اچانک نیچے آگیا اور جھٹکا لینے لگا ۔اگرچہ وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کو چوٹ نہیں پہنچی ہے لیکن اس واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ چیف منسٹر کے قریبی لوگوں کے مطابق طیارہ اچانک جھٹکا لینے سے ممتابنرجی کی پیٹھ میں چوٹ لگی۔ ابتدائی طور پر بتایا گیا تھاکہ اس وقت طیارہ میں موجود تمام افراد ٹھیک تھے ۔ تاہم طیارے میں موجود مسافروںمیں اچانک خوف و ہراس پھیل گیا۔ چہارشنبہ کو ممتا بنرجی دو روزہ دورہ پر وارانسی گئی تھیں۔ ممتا بنرجی نے اکھلیش یادو کے ساتھ انتخابی جلسے میں شرکت کی تھی۔ممتا بنرجی نے بنارس کے مندر میں پوجا بھی کی۔ دو دن کی مسلسل سیاسی مہم کے بعد وزیر اعلیٰ جمعہ کو کولکتہ واپس لوٹ رہی تھی۔ ڈمڈم ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے قبل طیارہ اچانک ایک خاص بلندی سے نیچے آگیا۔ ممتا بنرجی کے ساتھ اس طرح کا واقعہ پہلے بھی ہوچکا ہے ۔