محکمہ جنگلات کے سربراہ ونئے کمار کا اعلیٰ سطحی اجلاس، پڑوسی ریاستوں سے مانجہ کی منتقلی کی سخت نگرانی
حیدرآباد۔9 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) محکمہ جنگلات نے ریاست میں سینتھیٹک مانجہ کی فروخت کو روکنے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ محکمہ جنگلات کے سربراہ ونئے کمار نے سینتھیٹک مانجہ فروخت کرنے والی دکانات کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت دی ۔ ونئے کمار نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ جنگلی جانوروں کے تحفظ اور سینتھیٹک مانجہ کی تیاری اور فروخت پر جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں سینتھیٹک مانجہ کی فروخت پر امتناع عائد کیا گیا ہے ۔ راجستھان ، گجرات اور دیگر ریاستوں سے تلنگانہ کو سینتھیٹک مانجہ سربراہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ منظم انداز میں ممنوعہ مانجہ کی منتقلی کو روکنے کیلئے سخت چوکسی اختیار کریں۔ دکانداروں کو فروخت کی صورت میں سخت کارروائی کا انتباہ دیا جائے۔ انہوں نے محکمہ پولیس کو آن لائین پلیٹ فارم کے ذریعہ مانجہ کی فروخت پر نظر رکھنے کی ہدایت دی اور کہا کہ ای کامرس ویب سائیٹ کے ذریعہ ممنوعہ مانجہ فروخت کیا جارہا ہے۔ عوامی مقامات ، بس اسٹیشنوں ، ریلوے اسٹیشنوں ، مارکٹس اور دیگر مقامات پر پوسٹرس آویزاں کرتے ہوئے عوام کو سنتھیٹک مانجہ کے استعمال کے خلاف بیدار کیا جائے۔ محکمہ اسکولی تعلیم کو طلبہ اور سرپرستوں میں شعور بیداری مہم کی ہدایت دی گئی۔ اجلاس میں بعض رضاکارانہ تنظیموں کی شکایات کا جائزہ لیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ محکمہ سیاحت کی جانب سے منعقد کئے جانے والے کائیٹ فیسٹول میں چینی مانجہ استعمال کیا جارہا ہے ۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ اس سلسلہ میں محکمہ سیاحت کو پابند کریں۔ اجلاس میں چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ پرینکا ورگہیز ، کنزرویٹر آف فاریسٹ پرساد کے علاوہ جی ایچ ایم سی ، ایچ ایم ڈی اے ، اسکول ایجوکیشن ، برقی ، ٹورازم ، پولیوشن کنٹرول بورڈ اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔1/k/m/b