مندر میں دلتوں کے داخلہ پر پابندی ، عہدیداروں نے مندر کو بند کردیا

   

حیدرآباد ۔8 ۔ جون (سیاست نیوز) آزادی کے 75 سال گزرنے کے باوجود آج بھی ملک کے کئی علاقوں میں دلتوں کے ساتھ ناانصافی اور چھوت چھات کی رسم برقرار ہے۔ ٹاملناڈو کے ویلوپورم ضلع میں حکام نے ایک مندر کو مہربند کردیا کیونکہ مندر میں دلتوں کو داخلہ سے روک دیا گیا۔ ریونیو عہدیداروں نے میلپتی موضع میں واقع دھرم راج دروپدی مندر کو مہربند کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اعلیٰ طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے مندر میں دلتوں کو داخلہ سے روک دیا تھا جس کے بعد علاقہ میں صورتحال کشیدہ ہوگئی ۔ ریونیو ڈیویژن آفیسر ایس روی چندرن نے سی آر پی سی کی دفعہ 145(1) کے تحت احتیاطی طور پر امن و ضبط کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے مندر کو مہربند کردیا ۔ یہ مندر سرکاری اراضی پر قائم ہے اور انڈومنٹ ڈپارٹمنٹ کے تحت گزشتہ 45 برسوں سے برقرار ہے۔ مقامی دلت افراد نے شکایت کی ہے کہ انہیں مندر میں داخلہ سے روکنے کیلئے مندر کا انتظامیہ مساوی طور پر ذمہ دار ہے۔ اعلیٰ طبقات اور مندر انتظامیہ کی ملی بھگت سے دلتوں کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ تاہم عہدیداروں نے دلتوں کے الزام کی تردید کی۔ بتایا جاتا ہے کہ تنازعہ کی یکسوئی کیلئے اعلیٰ طبقات اور دلتوں کے درمیان 8 مرتبہ مذاکرات ہوئے لیکن نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کیلئے ریونیو حکام نے مداخلت کرتے ہوئے مندر کو بند کردیا ۔ دونوں طرف کے افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ ریونیو ڈیویژن آفیسر نے فریقین کو جمعہ کے دن دلائل پیش کرنے کی مہلت دی ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تنازعہ کی یکسوئی تک کسی کو مندر میں داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی۔ علاقہ میں زائد پولیس فورس کو تعینات کردیا گیا۔ر