فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی منفرد مثال
حیدرآباد۔20۔مارچ(سیاست نیوز) چلکور بالاجی مندر کے پجاری سی ایس رنگاراجن نے محمد غوث نامی کسان کے خاندان کو بیل کا تحفہ دیا جس کا سوشل میڈیا پر خوب چرچہ ہونے لگا ہے۔ چلکور بالاجی مندر کے پجاری کی جانب سے دئیے گئے بیل کے تحفہ پر محمدغوث نامی کسان کی بیوی مندر انتظامیہ سے اظہار تشکر کیا ۔ بتایاجاتا ہے کہ چلکور بالاجی مندر کے قریبی موضع میں رہنے والے مسلم کسان محمد غوث کے پاس موجود بیل کی کرنٹ لگنے کے سبب موت واقع ہوگئی تھی جس کے سبب کسان خاندان پریشا ن ہوگیا تھا لیکن مندر انتظامیہ نے اس مسلم کسان خاندان کو بیل کا تحفہ پیش کرتے ہوئے ان کے خاندان میں دوبارہ مسکراہٹ بکھیر دی۔ مندر کے چیف پجاری سی ایس رنگاراجن نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسان خاندانو ں کو بیل کا تحفہ پیش کرنے کی مہم کا حصہ ہیں اور لوگوں سے بھی اس بات کی خواہش کرتے ہیں کہ وہ کسان خاندانوں کو بیل بطور تحفہ پیش کریں کیونکہ کسان خاندان بیل کو اپنے فرد خاندان کی طرح پالتے ہیں کیونکہ بیل ان کی زندگی کا اہم حصہ ہوتے ہیں اور ان کی اموات کسان خاندانوں کے لئے مصیبت کا سبب ہوتی ہے۔ چلکور بالاجی مندر کے پجاری کی جانب سے چند ماہ قبل بھی قریبی موضع پیدامنگلارم کے کسان انجیا کے دو بیل الکٹرک شاک لگنے کے سبب فوت ہوگئے تھے تو انہیں بھی ایک بیل بطور تحفہ دیا گیا ۔انہو ںنے بتایا کہ بیل کسان کی زندگی کا اہم جز ہے اور کسانوں کو بیل کا تحفہ انہیں ایک زندگی فراہم کرنے کے مترادف ہوتا ہے اسی لئے اہل ثروت افراد کو چاہئے کہ وہ کسانوں کو بیل کا تحفہ دیں۔ کسان بیل کی موت پر بہت رنجیدہ ہوتے ہیں کیونکہ بیل ان کے ذریعہ معاش کا حصہ ہونے کے علاوہ ان کا مددگار بھی ہوتا ہے۔3