منوگوڑ میں بی جے پی کو سبق سکھانے رائے دہندوں سے کانگریس کی اپیل

   


مودی حکومت کو صنعتی گھرانوں کی بھلائی کی فکر، وی ہنمنت راؤ کا الزام
حیدرآباد 22 ستمبر (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے رائے دہندوں سے اپیل کی ہے کہ ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو مناسب سبق سکھائیں کیوں کہ مرکزی حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہاکہ تلنگانہ میں قدم جمانے کے لئے بی جے پی نے انحراف کی پالیسی اختیار کی ہے اور کانگریس سے منتخب ہونے والے راجگوپال ریڈی کو پارٹی میں شامل کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی کو ووٹ مانگنے کا اخلاقی حق حاصل نہیں کیوں کہ نریندر مودی حکومت نے روزگار کی فراہمی کے بجائے سرکاری اداروں کو خانگیانے کے ذریعہ لاکھوں افراد کو بیروزگار کردیا ہے۔ گزشتہ 8 برسوں میں غریبوں کے بجائے صرف مخصوص صنعتی گھرانوں کی بھلائی ہوئی ہے۔ اڈانی اور امبانی کی آمدنی میں اضافہ ہوا۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام ملک بھر میں بی جے پی کی کارکردگی سے ناراض ہیں اور آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ہنمنت راؤ نے کہاکہ امبانی، اڈانی، ٹاٹا اور برلا جیسے اداروں کو سرکاری ادارے حوالہ کرنے کی سازش ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ 8 برسوں میں ملک کی معاشی صورتحال انتہائی ابتر ہوچکی ہے۔ مہنگائی اور بیروزگاری سے نمٹنے کے بجائے نریندر مودی حکومت کو صنعتی گھرانوں کی فکر ہے۔ ر