نئی دہلی: دہلی حکومت نے منگل کو تین خانگی دواخانوں کو منکی پاکس کے مریضوں کے لیے 30 قرنطینہ کے کمرے بنانے کی ہدایت دی ہے۔دہلی ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز کے ایک اعلامیہ میں، تین خانگی دواخانہ میں سے ہر ایک کیلاش دیپک اسپتال، ایم ڈی سٹی اسپتال اور بترا اسپتال اور ریسرچ سنٹر سے کہا گیا ہے کہ وہ 10 الگ تھلگ کمرے بنائیں تاکہ مشتبہ افراد کے انتظام کے لیے انہیں استعمال کیا جاسکے ۔منکی پاکس کے کیسز اور تصدیق شدہ کیسز کے لیے پانچ کمرے الگ رکھیں ۔دریں اثنا، دہلی کے پہلے منکی پاکس کے مریض کو انفیکشن سے صحت یاب ہونے کے بعد پیرکو ایل این جے پی اسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔ تاہم پیر کی رات ایک اور مشتبہ منکی پوکس کیس کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ فی الحال ایل این جے پی ہسپتال جو کہ منکی پاکس کے علاج کا نوڈل ہسپتال ہے، میں کل تین کیسز ہیں، جن میں دو مشتبہ اور ایک تصدیق شدہ مریض شامل ہیں۔ منگل کو راجیہ سبھا میں بیداری پیدا کرنے کے لیے حکومت کے اقدامات پر جواب دیتے ہوئے مرکزی وزیر صحت منڈاویہ نے کہا کہ حکومت نے ایک ٹاسک فورس قائم کی ہے اور اس بیماری کے بارے میں بیداری بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ گھبرائیں نہیں کیونکہ مرکزی حکومت ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے کام کر رہی ہے۔