براہ راست دیکھنے سے آنکھوں کو نقصان کا اندیشہ‘ ماہرین
پیرس: منگل25اکتوبر کو جزوی سورج گہن ہوگا ۔آئس لینڈ سے ہندوستان تک جزوی سورج گرہن کا مشاہدہ کیا جاسکے گا، ماہرین فلکیات نے خبردار کیا ہے کہ اسے براہ راست دیکھنے سے آنکھوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ میڈیا کے مطابق فرانس کے انسٹیٹیوٹ آف پیرس آبزرویٹری کے مطابق سورج گرہن آئس لینڈ میں 08:58 جی ایم ٹی پر شروع ہوگا اور ہندوستان میں 13:02 جی ایم ٹی پر ختم ہوگا اور یہ یورپ، شمالی افریقہ اور مشرق وسطیٰ سے گزرے گا۔سورج گرہن وہ لمحہ ہوتا ہے جب چاند‘ سورج اور زمین کے درمیان سے گزرتا ہے جس کی وجہ سے سایہ زمین پر پڑتا ہے۔مکمل سورج گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند مکمل طور پر سورج کے سامنے آ جاتا ہے، جس کی وجہ سے زمین کا ایک حصہ مکمل طور پر سیاہ ہوجاتا ہے۔پیرس آبزرویٹری نے ایک بیان میں بتایا کہ منگل کو سورج گرہن جزوی ہوگا اور چاند کا سایہ کسی بھی مقام پر زمین پر نہیں پڑے گا۔آبزرویٹری کے ماہر فلکیات فلورینٹ ڈیلیفی نے بتایا کہ چاند قازقستان میں 82 فیصد سورج کے سامنے آئے گا لیکن یہ دن کی روشنی ختم کرنے کے لیے کافی نہیں ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ سورج کے کم از کم 95 فیصد چھپنے پر ہی اندھیرے کا احساس ہوسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ سورج گرہن براہ راست دیکھنا چاہتے ہیں، انہیں آنکھوں کو نقصان سے بچانے والے خاص چشموں کا استعمال کرنا چاہیے۔فلورینٹ ڈیلیفی نے مزید کہا کہ ہم دیکھیں گے کہ سورج کا ایک چھوٹا حصہ غائب ہے، یہ شاندار نہیں ہوگا۔
، لیکن یہ کم تجربہ کار فلکیات ماہرین کے لیے ہمیشہ ایک اچھا موقع ہوتا ہے اور خوبصورت تصاویر بنائی جا سکتی ہیں۔