منگل کو حکومت کی 20 ہزار لیٹر مفت پانی اسکیم کا آغاز

   

حیدرآباد۔ وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات کے ٹی راما راو امکان ہے کہ حکومت کے مفت پینے کے پانی کی فراہمی کا شہر میں منگل کو افتتاح انجام دینگے ۔ شہر میں تمام گھریلو سلم صارفین کو ڈسمبر 2020 سے ہی صفر بل جاری کئے جائیں گے ۔ یہ صفر بلز 20 ہزار لیٹر پانی سپلائی اسکیم کے تحت جاری کئے جائیں گے ۔ کہا گیا ہے کہ عہدیداروں کی جانب سے ہر گھر کیلئے علیحدہ واٹرمیٹر کیلئے اصرار نہیں کیا جائیگا ۔ گھریلو سلم مانگ کا اندازہ سلم ڈاکٹ واٹر میٹرس کے ذریعہ کیا جائیگا ۔ تاہم دوسرے انفرادی گھریلو صارفین کیلئے واٹر میٹر نصب کرنے کے اخراجات برداشت کرنے ہونگے تاکہ 20 ہزار لیٹر مفت سربراہی آب اسکیم سے استفادہ کیا جاسکے ۔ حکومت نے جس اسکیم کا اعلان کیا ہے اس کے مطابق 20 ہزار لیٹر تک فی میٹر ریڈنگ کیلئے پانی مفت رہے گا ۔ 20 ہزار لیٹر سے زائد پانی کے استعمال پر حکومت کی مقررہ شرحیں عائد ہونگی ۔ اس اسکیم پر ڈسمبر 2020 سے عمل کو یقینی بنایا جائیگا ۔ حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے ان ذمہ دار ایجنسیوں کی فہرست دستیاب کروائی جائے گی جنہیں واٹر میٹرس نصب کرنے کی اجازت حاصل رہے گی ۔ اسی طرح گھریلو اپارٹمنٹس ( ہمہ منزلہ اپارٹمنٹ کامپلکس ) اور گھریلو کثیر صارفین کو بھی واٹر میٹر نصب کرنے کیلئے اخراجات برداشت کرنے ہونگے ۔ ہر فلیٹ یا ہر گھر کیلئے فی میٹر 20 ہزار لیٹر تک پانی کی سربراہی مفت رہے گی اور 20 ہزارلیٹر کے زائد پر فیس عائد ہوگی ۔ حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے عوام کو اس اسکیم کی دیگر تمام تفصیلات سے واقف کروایا جائیگا ۔ کہا جا رہا ہے کہ حکومت کی اس اسکیم سے تقریبا 9.84 لاکھ گھروں کو فائدہ ہوگا ۔ حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کو ایک کیلولیٹر پانی پر 47 روپئے خرچ ہوتے ہیں اور تقریبا 468 ملین گیلن یومیہ پانی شہر کو سپلائی کیا جاتا ہے ۔ حکومت کی اسکیم سے استفادہ کے مستحق افراد کو اپنے کسٹمر اکاونٹ نمبر سے آدھار نمبر کو مربوط کرنا ہوگا ۔ یہ کام می سیوا مراکز یا واٹر سپلائی بورڈ کی ویب سائیٹ سے کیا جاسکتا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ میٹرس کی تنصیب کیلئے صارفین کو 31 مارچ 2021 تک کا وقت دیا جائیگا تاکہ وہ یکم اپریل سے مفت پانی حاصل کرسکیں۔