نئی دہلی، 25 اکتوبر (یو این آئی) منی پور میں جاری تشدد اور کشیدگی کے معاملے پر کانگریس نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ یمنام کھیم چند سنگھ کے استعفے اور تشدد پر فوری روک لگانے کا مطالبہ کیا ہے ۔کانگریس کے منی پور کے انچارج اور رکن پارلیمنٹ سپتاگیری الکا نے اتوار کو یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں وزیر اعظم نریندر مودی پر منی پور کا دورہ نہ کرنے اور تشدد کے معاملے پر خاموشی اختیار کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ یمنام کھیم چند سنگھ کے استعفے اور تشدد پر فوری روک لگانے کا مطالبہ کیا۔مسٹر الکا نے کہا کہ 23 اکتوبر کو منی پور کے 5 اضلاع میں ہزاروں لوگوں نے احتجاج کیا۔ مظاہرین لوک بھون کی جانب مارچ کررہے تھے ، لیکن پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔ اس دوران لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے استعمال کا الزام بھی لگایا گیا۔انہوں نے کہا کہ 19 اکتوبر کو جنگل میں لکڑیاں جمع کرنے گئے 3 میتی لوگوں کو قتل کردیا گیا، جبکہ کامجونگ میں کوکی اور ناگا شہریوں کے قتل کے واقعات بھی سامنے آئے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مئی 2023 سے اب تک تقریباً 300 لوگوں کی جان جاچکی ہے اور 60 ہزار لوگ بے گھر ہوئے ہیں، جن میں سے 24 ہزار لوگ اب بھی بے گھر ہیں۔کانگریس نے تمام برادریوں کی حفاظت، غیر جانب دارانہ تحقیقات، آزادانہ نقل و حرکت، بے گھر لوگوں کی محفوظ واپسی اور مقررہ مدت میں امن عمل مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ پارٹی نے وزیر اعلیٰ سے فوری استعفے اور مرکزی حکومت سے تشدد ختم کرنے کے لیے ٹھوس لائحہ عمل تیار کرنے کی اپیل کی۔