منی پور کے انسانیت سوز واقعہ سے ہندوستان کی رسوائی

   

گریجن، دلت ، اقلیتوں پر ظلم کے خلاف سخت کارروائی ضروری، اوٹنور میں زبردست احتجاج، زیڈ پی ٹی سی راتھوڑ کا خطاب

حیدرآباد۔/22 جولائی، ( سیاست نیوز) منی پور کے انسانیت سوز واقعہ کے خلاف آج اوٹنور دہل گیا۔ خواتین کو بازار میں گھمانا ، اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کے انسانیت سوز واقعہ کے خلاف عوام میں برہمی بڑھتی جارہی ہے۔ محترمہ چارونا راتھوڑ زیڈ پی ٹی سی اوٹنور و اسٹیٹ ایگزیکیٹو ممبر تشہیری کمیٹی کی قیادت میں آج اوٹنور میں زبردست احتجاج کیا گیا۔ چارونا راتھوڑ کی اپیل پر سماجی تنظیموں کے علاوہ سرکاری ملازمین، نوجوانوں اور خواتین کی کثیر تعداد نے احتجاجی پروگرام میں شرکت کی۔ ہاتھوں میں پلے کارڈز تھامے ہوئے بیانرس کے ساتھ عوام نے حکومت سے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ تاخیر سے منظر عام پر آئے منی پور واقعہ سے سارا سماج شرمسار ہوگیا ہے۔ اس موقع پر زیڈ پی ٹی سی اوٹنور چارونا راتھوڑ نے کہا کہ آج کے اس دور میں منی پور کا واقعہ عالمی برادری میں ہندوستان کی رسوائی کا سبب بن گیا ہے۔ خواتین کا احترام کرنے والے اس ملک میں سرعام خواتین کو عریاں گشت کروانا عوام میں برہمی کا سبب بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسے انسانیت سوز واقعات کے تدارک کیلئے حکومتوں کو سخت اقدامات کرنے چاہیئے۔ تین خواتین کو عریاں بازار میں گھمایا گیا، ان کی اجتماعی عصمت ریزی کی گئی اور دونوں کو ہلاک کردیا گیا۔ ان خواتین کا تعلق گریجن طبقہ سے تھا۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں گریجن، دلت اور اقلیتی طبقات کے خلاف ظلم و زیادتی، عصمت ریزی اور قتل کی وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے اور ایسے واقعات پر فوری روک لگاتے ہوئے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ع