منی پور : گورنر کی صدارت میں امن کمیٹی کی تشکیل

   

نئی دہلی: مرکزی حکومت نے منی پور کی گورنر انسوئیا یوکی کی صدارت میں ایک امن کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، کمیٹی کے ارکان میں وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ، کچھ ریاستی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، ایم ایل ایز اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما شامل ہیں۔ یہ کمیٹی ریاست میں مختلف نسلی گروہوں کے درمیان امن عمل کو آسان بنانے کے لیے تشکیل دی گئی ہے ۔ ان عمل میں پرامن مذاکرات اور متضاد فریقوں؍ گروہوں کے درمیان بات چیت شامل ہے ۔ یہ کمیٹی سماجی ہم آہنگی اور مختلف نسلی گروہوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور خوشگوار رابطے کو مضبوط بنانے کے لیے پہل کرے گی۔ قبل ازیں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے تشدد کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے منی پور کا دورہ کیا تھا اور ایک امن کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ دوسری جانب اپوزیشن کانگریس منی پور کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں موجودہ بحران بی جے پی کی تقسیم کی سیاست اور ریاستی حکومت کی انٹیلی جنس کی ناکامی کا بھی نتیجہ ہے ۔