موبائیل ایپس پر پابندی کافی نہیں ، سخت موقف اختیار کرنا ضروری

,

   

حکومت کے کسی بھی فیصلہ کی بھرپور تائید و حمایت کا اعلان ، چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی کی پریس کانفرنس

کولکتہ ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے عہد کیا ہے کہ چین کے جارحانہ رویہ کے خلاف حکومت کے اقدامات کی وہ بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے ریاستی سکریٹریٹ میں بات کرتے ہوئے ممتابنرجی نے کہا کہ چینی موبائیل اپلیکیشنس کے ایپس کو بند کرنا کافی نہیں ہے ۔ چند ایپس کو بند کرنے کا کوئی نتیجہ حاصل نہیں ہوگا بلکہ چین کو منہ توڑ جواب دینے کی ضرورت ہے ۔ چین کو اس کے جارحانہ موقف کا کس طرح جواب دیا جائے یہ حکومت کو فیصلہ کرنا ہوگا ۔ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو ملک کی عوام حکومت سے اس کے موقف پر سوال اٹھائیں گے ۔ ممتابنرجی نے مرکزی حکومت سے چین کے خلاف جارحانہ ردعمل کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ حکومت اگر چین کے خلاف کوئی بھی موقف اختیار کرتی ہے تو کسی تحفظ کے بغیر اس پر عمل آوری کی وہ تائید کریں گے ۔ ممتابنرجی کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت کو بھی چین کے خلاف جارحانہ موقف اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ ممتابنرجی نے اپنی پارٹی کا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی ہندوستان کے خارجہ امور اور تعلقات کے مسائل میں مداخلت نہیں چاہتی ۔ خارجی امور اور مسائل میں کوئی بھی پارٹی کبھی مداخلت نہیں کرے گی ۔ ترنمول کانگریس کا موقف بالکل واضح ہے ۔ تاہم اس سلسلہ میں ان کی پارٹی مرکزی حکومت کی بھرپور تائید کرتی ہے ۔ حکومت کو اس وقت کارروائی کرنے کی ضرورت ہے اور وہ کسی بھی مناسب طریقہ کار کا استعمال کرنے کیلئے آزاد ہے۔آیا وہ مذاکرات کے ذریعہ ہو یا بات چیت کے ذریعہ ملک کے مفادات اور مادر وطن کیلئے حکومت اپنا سخت موقف اختیار کرنا چاہئیے ۔ یہاں تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ چینی افواج مشرق لداخ میں ہندوستانی علاقہ میں نہ صرف داخل ہوئے بلکہ انہوں نے جارحانہ موقف بھی اختیار کیا اور /15 جون کی رات ہندوستانی افواج کے ساتھ شدید جھڑپ بھی ہوئی جس کے نتیجہ میں ہندوستان کے 20 فوجی شہید ہوگئے ۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے حکومت کو بھی سخت موقف اختیار کرنے اور چین کو منہ توڑ جواب دینے پر زور دیا جارہا ہے ۔ دوسری طرف دونوں ممالک کے درمیان فوجی سطحوں پر مذاکرات کا عمل بھی جاری ہے ۔ اسی دوران مرکزی حکومت نے کل چین کے 59 موبائیل اپلیکیشنس پر پابندی عائد کردی ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ملک کے کروڑہا انٹرنیٹ اور موبائیل استعمال کرنے والے افراد اور ملک کی سالمیت اور یکجہتی کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مختلف جماعتوں کی جانب سے حکومت کے اس فیصلہ کا خیرمقدم کیا گیا تاہم ممتا بنرجی نے اس کو ناکافی بتایا ہے ۔