موجودہ حالات سے مسلمان ہرگز مایوس نہ ہوں

   

جلسہ یوم الفرقان ،حافظ محمدرشاد الدین، اقبال حسین ودیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اپریل : ( راست ) : ملک کے حالات جس رخ پر جارہے ہیں اس بات کو لیکرہر صاحب فہم وعقل انسان فکر مند ہے۔ان حالات میں ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم تاریخ اسلام کے اسباق سے نصیحت حاصل کریں۔ رمضان المبارک کے مہینہ میں تاریخ اسلام میں کئی ایک معرکے پیش آئے اور جان نثار ان اسلام صحابہ کرامؓ نے اپنے جگرکالہو پیش کرتے ہوئے ثابت قدمی اور عزم وحوصلہ کی ایسی تاریخ رقم کی کہ اسے رہتی دُنیا تک یاد رکھاجائے گا۔ غزوہء بدراور فتح مکہ سے ہمیں کئی ایک پیغام ملتے ہیں جس کے زریعہ ہم اپنے اندر یقین محکم پیدا کریں اور نظریہ اسلام پرمضبوطی کے ساتھ جم جائیں۔ ان خیالات کا اظہار حافظ محمدرشاد الدین ناظم شہرجماعت اسلامی ہند عظیم تر حیدرآبادنے جماعت اسلامی ہند یاقوت پورہ کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ یوم الفرقان کو مخاطب کرتے ہوئے ایم.جے. فنکشن ہال مادنا پیٹ سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے رسولؐ نے 15سال کی محنت کوبدرکے میدان میں ڈال دیاتھا اور صحابہ کی ایک ایسی ٹیم تیار کی تھی جو ہر طرح سے اپنے نبی ؐکا ساتھ دینے کے لیے تیار تھی۔ انہوں نے کہا کہ قیادت کی اطاعت ضروری ہے اسکے بغیر کامیابی ممکن نہیں۔رمضان جہاد کی تیاری کا بھی مہینہ ہے۔ اسلام کا عظیم الشان معرکہ غزوہء بدر رمضان المبارک ہی میں پیش آیاتھا۔فتح مکہ کا واقعہ بھی رمضان میں ہوا۔ ملک کی موجودہ صورتحال پر انہوں نے کہا کہ ہمیں مایوس ہونے اور گھبرانے کی قطعاًضرورت نہیں ہے ۔ جناب اقبال حسین سابق تنظیم ایس آئی او آف انڈیانے غزوہء بدر پر کہاکہ غزوہء بدر ہمیں توکل،صبر،آپسی اتحاد اور عزم وحوصلہ کی تعلیم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتح ونصرت صرف حق کو ہی حاصل ہوگی۔ جناب مرزا محمداعظم علی بیگ سٹی سکریٹری نے واقعہ فتح مکہ پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔