مودی ’انگوٹھا چھاپ‘کانگریس کے ریمارک پر ہلچل

   

کرناٹک میں سیاسی لفظی جھڑپ کی نئی پستی
بنگلورو : کرناٹک میں دو حلقوں کے ضمنی چناؤ سے قبل تلخ سیاسی لفظی جھڑپ آج نئی پستی تک پہنچ گئی جب کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی کو ’انگوٹھاچھاپ‘ یا ’ناخواندہ‘ کہتے ہوئے تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔ کرناٹک کانگریس نے کنڑ زبان میں ٹوئیٹ کیا کہ کانگریس نے اسکول بنائے لیکن مودی کبھی پڑھنے نہیں گئے۔ کانگریس نے تعلیم بالغان کیلئے بھی اسکیمات بنائے لیکن مودی نے وہاں بھی پڑھائی نہیں کی۔ وہ لوگ جو بھیک مانگنا ممنوع ہونے کے باوجود اپنی گذر بسر کیلئے بھیک مانگتے رہے، وہ آج شہریوں کو بھکاری بنارہے ہیں۔ یہ ملک #angoothachhaap modi کی وجہ سے پریشان حال ہے۔ اس تبصرہ کو کئی گوشوں نے وزیراعظم پر شخصی حملہ قرار دیا ہے۔ بی جے پی کے کرناٹک کے ترجمان ملاویکا اویناش نے کہا کہ صرف کانگریس ہی اس حد تک گر سکتی ہے اور یہ بھی کہا کہ یہ تبصرہ جواب دینے کے لائق تک نہیںہے۔