مودی اور امیت شاہ ‘ کرشنا ۔ ارجن کی جوڑی :شیوراج سنگھ

   

پاناجی 18 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر بی جے پی لیڈر شیوراج سنگھ چوہان نے آج وزیر اعظم نریندرمودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کا تقابل لارڈ کرشنا اور ارجن سے کیا ۔ انہوں نے یہ مثال جموں و کشمیر کے دفعہ 370 کو حذف کرنے کے معاملہ میں دی ۔ انہوں نے سابق کانگریس صدر راہول گاندھی کو رن چھوڑ داس ( فرار اختیار کرنے والا ) گاندھی قرار دیا جنہوں نے پارٹی کو لوک سبھا انتخابات میں لگاتار دوسری شکست کے بعد چھوڑ دیا تھا ۔ شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی قیادت میں ملک آگے برھ رہا ہے ۔ وہ لوگ ملک کو آگے لیجانے میں کرشنا اور ارجن کی طرح مصروف ہیں۔ انہوں نے ادعا کیا کہ کانگریس الجھن کا شکار ہے کہ اس مسئلہ پر کس طرح کے رد عمل کا اظہار کرے ۔ ایسے میں پارٹی کی عبوری صدر سونیا گاندھی کو ایک بیان دیتے ہوئے پارٹی کا موقف واضح کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین مرکزی حکومت کے اس تاریخی اقدام کے بعد مختلف آوازوں میں بات کر رہے ہیں۔ سونیا گاندھی نے اس مسئلہ پر خاموشی برقرار رکھی ہے ۔ کانگریس پارٹی الجھن کا شکار ہے کہ حکومت کے فیصلے پر کس طرح کے رد عمل کا اظہار کیا جائے ۔ چوہان پاناجی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ سابق چیف منسٹر مدھیہ پریدش و بی جے پی کے نائب صدر بی جے پی ورکرس کے ایک کنونشن سے خطاب کرنے گوا کئے گئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے مختلف قائدین الگ الگ آوازوں میں اس مسئلہ پر اظہار خیال کر رہے ہیں جبکہ پارٹی کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے اس پر مسلسل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے ۔ سونیا گاندھی کو اس پر لب کشائی کرتے ہوئے پارٹی کے موقف کی وضاحت کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید نہیں ہے کہ راہول گاندھی اس مسئلہ پر کوئی اظہار خیال کرینگے ۔