مودی بابو مجھ سے خوفزدہ ہوگئے ہیں۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کا بیان

,

   

کلکتہ-کوچ بہار میں وزیر اعظم مودی کی تقریرکے معاً بعد شمالی بنگال میں ہی مین گوری میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے ہر ایک سوال کا جواب دینے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ مودی بابودراصل ممتا بنرجی سے ڈرچکے ہیں-

ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی این آر سی لانے کی بات کررہے ہیں مگر میں پوچھتی ہوں کہ وہ این آر سی کس کیلئے لارہے ہیں،کیا وہ اس ملک کے شہریوں کو نکال باہر کردیں گے ؟انہوں نے کہا کہ شہری ترمیمی بل کس کیلئے ہے ؟،کیا ملک کے شہریوں کو پہلے غیر ملکی بنادیا جائے گا، 6سال بعد پھر شہریت دی جائے گی؟

۔ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی پہلے آسام میں این آر سی اور شہری ترمیمی بل کی آگ کو بجھائیں اس کے بعد بنگال میں اس پر بات کریں آسام اور شمال مشرقی ریاستیں اس وقت آگ میں جل رہی ہیں مودی بابو ناکام ہوچکے ہیں اور اب یہی آگ بنگال میں لگانا چاہتے ہیں۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ کیا چند آئی پی ایس افسران کا تبادلہ کرکے مودی بابو انتخاب جیتنا چاہتے ہیں؟ ایسا کبھی بھی نہیں ہوسکتا ہے ،ہم بنگال کے عوام کے دلوں میں رہتے ہیں، مودی بابو پہلے دہلی کی فکر کریں اس کے بعد بنگال کے بارے میں،یہاں جیت حاصل کرنا آسان نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مودی شاردا اور ناردا کی بات کرتے ہیں۔خود بی جے پی کے لیڈران شاردا و ناردا میں ملوث ہیں،آسام کے وزیر کا نام خود شاردا کے باس نے لیا تھا کیا ان کی گرفتاری ہوئی؟۔انہوں نے کہا کہ کل تک جنہیں شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ کا ماسٹر مائنڈ کہا جاتا تھا آج ان سے متعلق کچھ کیوں نہیں بولا جاتا ہے ؟۔

ممتا بنرجی نے مکل رائے کا نام لیے بغیر کہا کہ مودی بابو اپنے اسٹیج پر نظر دورائیں، جن کے ساتھ آپ بیٹھے ہیں وہ شاردا اور ناردا دونوں کے ملزم ہیں،ترنمول کانگریس ذمہ دار نہیں ہے ۔

بی جے پی میں سینئر لیڈروں کو درکنار کیے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ جب آپ(مودی)اقتدار میں نہیں ہوں گے تو آپ کے لوگ آپ کو پھینک دیں گے ۔

ممتا بنرجی نے عوام سے کہا کہ بی جے پی دولت مندوں کی پارٹی ہے ، یہاں ہر ایک چیز کو روپے کی بنیاد پر خریدنی کی کوشش کی جاتی ہے ۔

بنگال میں بھی بی جے پی ووٹ کو خریدنا چاہتی ہے مگر بنگال کے عوام کبھی بھی اپنا ووٹ کو فروخت نہیں کرتے ہیں۔انتخابات کے بعد یہ لوگ دوبارہ نظر نہیں آنے والے ہیں میں تو ہمیشہ شمالی بنگال کی ترقی کی رفتار میں تیزی لانے کیلئے دورہ کرتی ہوں۔بعد میں یہ لوگ نہ زمین دیں گے اور نہ روپیہ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی بنگال کے ترائی علاقہ میں فساد برپا کرناچاہتی ہے ۔

بنگال کے عوام کو ہوشیار رہنا ہوگا۔ممتابنرجی نے کہا کہ بنگال میں جب ہرطرف امن وامان کا ماحول ہے تو مودی بابو حسد میں جل رہے ہیں،جب میں اقتدار میں نہیں آئی تو جنگل محل نکسل کی آگ میں جل رہا تھا۔میں نے جنگل محل میں امن و امان کا ماحول قائم کیا

۔دارجلنگ میں حالات بہتر کیے اور آج بنگال ہندوستان کی سب سے پرامن ریاست میں سے ایک ہے ۔ایک بارپھر ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی جی ایکسپائر ہونے والے ہیں،ان کے جانے کا وقت آگیا ہے

۔اس لیے مودی جی میں اعتماد ختم ہوچکا ہے ۔مودی کی تقریروں سے ترقیاتی ایجنڈے غایب ہیں۔وہ نفرت کی بنیاد پر انتخاب جیتنے کی کوشش کررہے ہیں مگر بنگال میں یہ نہیں ہونے والاہے بنگال میں ہمیشہ امن وامان اور بھائی چارہ کا گہوارہ رہاہے