مودی حکومت کی الٹی گنتی شروع : اکھلیش

,

   

بی جے پی کے پاس سی بی آئی ہے تو ہمارے پاس اتحاد ، غیرقانونی کانکنی جانچ کا سامنا کرنے تیار

لکھنؤ ۔ /6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) غیرقانونی کانکنی کیس میں سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو سے سی بی آئی کی پوچھ گچھ کے بارے میں رپور ٹس کے درمیان انہوں نے کہا کہ وہ تحقیقاتی ایجنسی کا سامنا کرنے تیار ہیں لیکن عوام بھی اب بی جے پی کو منہ توڑ جواب دینے تیار ہیں ۔ مرکز کی مودی حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے ۔ مودی کے پاس اب صرف 100 دن رہ گئے ہیں ۔ بروز ہفتہ لکھنؤ میں سماج وادی پارٹی لیڈر کے مکان پر سی بی آئی دھاوے کے بعد اور آئی اے ایس آفیسر بی چندرکلا کے مکان پر بھی سی بی آئی دھاوؤں سے برہم اکھلیش یادو نے کہا کہ اگر بی جے پی کے پاس سی بی آئی ہے تو ہمارے پاس اتحاد ہے ہم بی جے پی کا صفایا کرکے دم لیں گے ۔ بی جے پی سیاسی آداب بھول گئی ہے وہ چاہتی ہے سب اسی طرح کا بر تاؤ کریں ۔ سی بی آئی کے ذریعہ بی جے پی انتخابات میں کامیاب ہونے کی کوشش کررہی ہے لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوگی ۔ اکھلیش یادو نے سی بی آئی کے دھاوؤں پر بی جے پی کی قیادت کی نیت پر سوال اٹھایا اور کہا کہ سی بی آئی کو سیاسی مقصد براری کے لئے استعمال کیا جارہا ہے ۔ اسی دوران بی جے پی نے سابق چیف منسٹر اکھلیش یادو کے خلاف سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ غیرقانونی کانکنی کیس میں ان کی حکومت ملوث تھی ۔ سی بی آئی کے دھاوؤں کو سیاسی مقصد براری کا الزام مسترد کرتے ہوئے بی جے پی نے کہا کہ سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کے اتحاد سے بی جے پی خوفزدہ نہیں ہے ۔ بی جے پی لیڈر سدھارتھ ناتھ سنگھ نے کہا کہ یہ دونوں پارٹیاں اپنی بقا کیلئے جدوجہد کررہی ہیں ۔