مودی سے ملک تباہ ہوگا‘ ایک بھی ووٹ نہ دیں ، ووٹروں سے اپیل

   

بی جے پی حکومت نے اقلیتوں اور دیگر کمزور طبقات میں خوفزدہ کیا، ممتا بنرجی کا ریالی سے خطاب
نامخانہ (24 پرگنہ) 13 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج ووٹروں سے اپیل کی کہ وزیراعظم نریندر مودی کو ایک بھی ووٹ نہ دیں کیوں کہ ملک اُن کی وجہ سے تباہ ہوجائے گا۔ مودی نے گزشتہ پانچ سال میں ملک کے لئے کچھ نہیں کیا ہے۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ نے سندربن علاقہ کے نامخانہ میں عوامی ریالی سے خطاب میں کہاکہ اگر آپ وزیراعظم کو بطور چوکیدار منتخب کرتے ہیں تو وہ ملک کو تباہ کردیں گے۔ رائے دہندے بی جے پی کو ایک بھی ووٹ نہ دیکر اُنھیں اقتدار سے بیدخل کرسکتے ہیں۔ بی جے پی نے اقلیتوں، آدی واسیوں اور صحافیوں کو بھی ہلاک کیا اور شدید زدوکوب کرتے ہوئے اُن کی جان لی ہے۔ بی جے پی سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ بس اُنھیں ووٹ نہ دیجئے۔ نیز سی پی آئی ایم اور کانگریس کو بھی ووٹ نہیں دینا چاہئے، اِس سے بی جے پی کے ہاتھ مضبوط ہوں گے۔ ممتا بنرجی نے مودی پر نوٹ بندی کے لئے شدید تنقید کی جس کے بارے میں اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ اِس اقدام سے ملک میں تین کروڑ جاب ختم ہوگئے اور کاشتکاری کی سرگرمیوں پر اثر پڑا۔ اُنھوں نے کہاکہ پٹرول، گیاس، ڈیزل کی قیمتیں گزشتہ پانچ سال میں بڑھ گئی ہیں۔ مغربی بنگال کا حوالہ دیتے ہوئے اُنھوں نے بی جے پی حکومت کو مورد الزام ٹھہرایا کہ تاج پور بندرگاہ کی تعمیر کے لئے وہ اپنے وعدے سے پھر گئے۔ اُنھوں نے جنوری میں اعلان کیا تھا کہ ریاست اپنے بل بوتے پر تاج پور بندرگاہ تعمیر کرے گی کیوں کہ مرکز نے گزشتہ تین سال میں اِس پراجکٹ پر کام شروع نہیں کیا ہے۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ ٹی ایم سی حکومت ریاست میں بے روزگاری کو تقریباً 40 فیصد تک گھٹانے میں کامیاب ہوئی ہے جبکہ نوٹ بندی نے ملک بھر میں تین کروڑ جاب چھین لئے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ہم نے آئندہ تین تا چار سال میں ایک ہزار کروڑ روپئے جٹانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ گنگا ساگر میں دریائے موری گنگا پر برج تعمیر کیا جاسکے۔ جس کے لئے تفصیلی پراجکٹ رپورٹ بنانی ہے۔