پٹنہ: بہار پردیش راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے ترجمان اعجاز احمد نے آج کہا کہ وزیر اعظم نے پارلیمنٹ میں اپنے خطاب میں 11 قراردادوں کی بات تو کی، لیکن اس میں کہیں بھی عوام اور عوام کے مفادات کی بات نہیں کی۔ صرف کھوکھلی 11 قراردادوں کو دہرایاگیا۔مسٹر احمد نے اتوار کو کہا کہ ملک میں گنگا جمنی تہذیب کو مضبوط کرنے کی کوئی بات نہیں کی گئی اور نہ ہی وزیر اعظم کی تقریر میں بدعنوانی سے لڑنے کا کوئی عزم نظر آیا۔ اگر بدعنوانی سے لڑنے کا عزم ہوتا تو اڈانی کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث ہوتی، جو نہیں ہو رہی ہے ۔ نوٹ بندی کے وقت کہا گیا تھا کہ اس سے بدعنوانی ختم ہو گی اور مافیا پر لگام لگ جائے گی۔ اگر ایسا نہ ہوا تو ہم جھولا اٹھا کر چل دیں گے لیکن وزیر اعظم جی نہ تو بدعنوانی پر لگام لگی اور نہ ہی مافیا کو روکا جا سکا۔