مودی کے خلاف آندھرا پردیش میں احتجاجی مظاہرے

   

وجئے واڑہ / گنٹور ( پی ٹی آئی ) تلگودیشم کارکنوں نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف ریاست میں مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے جب وہ آج ریاست کے دورہ پر آئے تھے ۔ تلگودیشم نے ایک سال قبل بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے سے علیحدگی اختیار کرلی تھی جس کے بعد مودی کا یہ پہلا دورہ آندھرا پردیش تھا ۔ تلگودیشم کارکنوں نے آج سیاہ شرٹس زیب تن کرتے ہوئے اپنا احتجاج درج کروایا ۔ اس کے علاوہ ریاست میں وجئے واڑہ ‘ گنٹور اور دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور مودی واپس جاو کے نعرے لگانے لگے ۔ مودی کی آمد کے موقع پر گناورم ائرپورٹ پر پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کوئی بھی ریاستی وزیر وزیر اعظم کا استقبال کرنے کیلئے موجود نہیں تھا ۔ مودی کے دورہ کیلئے گنا ورم ائرپورٹ پر اور اطراف میں مناسب سکیوریٹی انتظامات کئے گئے تھے ۔ گناورم ائرپورٹ پر استقبالیہ کے بعد وزیر اعظم ہیلی کاپٹر سے گنٹور روانہ ہوگئے جہاں ریلی سے خطاب کیا ۔