مودی کے 15 جون سے فرانس اور سلوواکیہ کے دورے کا امکان

   

نئی دہلی4جون (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی کے 15 جون سے یورپی ممالک فرانس اور سلوواکیہ کے دورے پر جانے کا امکان ہے ۔وزیر اعظم فرانس کے شہر ایویان لیس بینس میں جی 7 ممالک کی 52 ویں سربراہ کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ اس کانفرنس میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ بھی حصہ لے رہے ہیں اور کانفرنس سے الگ دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت ہونے کا بھی امکان ہے ۔ مودی کے دورے کے بارے میں ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کی دعوت پر جی 7 ممالک کے اجلاس میں شرکت کے لیے جا رہے ہیں۔ ہندوستان کو اس کانفرنس میں ‘آؤٹ ریچ پارٹنر’ کے طور پر شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔ کانفرنس میں ہندوستان کی جانب سے مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلیجنس)، ماحولیاتی تبدیلی، اہم معدنیات کی سپلائی چین، توانائی کی سلامتی اور موجودہ عالمی تنازعات کے بارے میں اپنا موقف پیش کیے جانے کی امید ہے ۔ہندوستان کو سال 2019 سے ہی جی 7 ممالک کے اجلاس میں روایتی طور پر مدعو کیا جا رہا ہے ۔ اس کی شروعات بھی فرانس سے ہوئی تھی۔ فرانس کے بعد وزیر اعظم سلوواکیہ کے تاریخی دورے پر جائیں گے ۔ یہ 1993 میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد سے کسی بھی ہندوستانی وزیر اعظم کا وہاں کا پہلا دورہ ہوگا۔ اس دوران تجارت، آٹو موٹیو انجینئرنگ، دفاع، خلائی ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر خاص طور پر تبادلۂ خیال ہونے کا امکان ہے ۔