مودی ۔ ژی غیر رسمی چوٹی ملاقات کا کل ملاپورم میں آغاز

   

بیجنگ ۔ 9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) چین کے صدر ژی جن پنگ 11 تا 12 اکٹوبر وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ دوسری سالانہ غیر رسمی چوٹی ملاقات میں حصہ لیں گے۔ اس دوران توقع ہیکہ دونوں قائدین باہمی تعلقات سے متعلق امور پر جامع بات چیت کے علاوہ مختلف علاقائی و باہمی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چن ینگ نے چہارشنبہ کو اعلان کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ صدر ژی 11 اور 12 اکٹوبر کو چینائی کے قریب واقع ساحلی شہر ملاپورم میں غیررسمی ملاقات کریں گے۔ دوسری طرف نئی دہلی میں وزارت خارجہ نے کہا کہ آنے والی غیر رسمی چوٹی ملاقات دونوں قائدین کی باہمی، علاقائی اور عالمی اہمیت کے حامل مسائل پر تبادلہ خیال اور غوروخوض کا موقع فراہم کرے گی۔ مودی اور ژی کے درمیان یہ دوسری غیر رسمی ملاقات ہوگی۔ پہلی ملاقات چینی شہر ووہان میں ہوئی تھی جس نے دونوں ملکوں کو 2017ء میں ڈوکلم پر 73 روزہ تعطل ختم کرتے ہوئے تمام محاذوں پر حالات کو معمول پر لانے میں مدد کی تھی۔