موریس 16.25 کروڑ میں راجستھان رائلز ٹیم کا حصہ

   

چینائی : جنوبی آفریقہ کے آل راونڈر کرس موریس آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے ہیں جیسا کہ انہیں راجستھان رائلز نے 16.25 کروڑ روپئے میں حاصل کیا ہے اور اس رقم کی بدولت انہوں نے یوراج سنگھ کا سابق ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ 33 سالہ موریس کی بنیادی قیمت 75 لاکھ روپئے تھی لیکن انہیں 16.25 کروڑ روپئے حاصل ہوئے ہیں۔ قبل ازیں یوراج سنگھ کو 2015ء میں دہلی ڈیر ڈیولس (موجودہ دہلی کیپٹلس) نے 16 کروڑ میں حاصل کیا تھا۔ علاوہ ازیں ایک اور آل راونڈر گلین میکسول بھی بڑی قیمت حاصل کرنے میں کامیاب رہے جنہیں رائل چیلنجر بنگلور نے 14.25 کروڑ روپئے میں حاصل کیا۔ یوراج سنگھ اور کریس موریس 16 کروڑ کا ہندسہ عبور کرنے کے باوجود ویراٹ کوہلی ہنوز آئی پی ایل کے سب سے مہنگے ترین کھلاڑی ہیں جنہیں رائل چیلنجرس بنگلور نے 17 کروڑ میں اپنے پاس برقرار رکھا ہے۔ موریس نے آئی پی ایل کے 70 مقابلے کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 23.25 کی اوسط سے 551 رنز اور 23.98 کی اوسط سے 80 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ قبل ازیں کے کے آر نے میکسویل کیلئے بولی لگائی لیکن کچھ دیر بعد میکسویل کو حاصل کرنے کی اصل جنگ چینائی سوپر کنگس اور آر سی بی کے درمیان رہی جس نے کوہلی کی ٹیم نے انہیں حاصل کرلیا ہے۔ آر سی بی کے ڈائرکٹر مائیک ہیسن نے کہا کہ ہم ٹیم میں ایکس فیکٹر حاصل کرنا چاہتے تھے اور اس کیلئے میکسویل کو ہم نے حاصل کیا۔ قبل ازیں پنجاب کنگس نے میکسویل کو 10.75 کروڑ میں حاصل کیا تھا لیکن 2020ء کے سیزن میںمیکسویل نے 13 مقابلوں میں 15.24 کی اوسط سے صرف 108 رنز بنائے۔ میکسویل نے آئی پی ایل میں 82 مقابلے کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 1505 رنز 22.13 کی اوسط سے بنائے ہیں۔ ایک اور آل راونڈر معین علی کو چینائی سوپر کنگس نے 7 کروڑ میں حاصل کیا حالانکہ معین علی اور میکسویل کی بنیادی قیمت 2 کروڑ تھی۔ بنگلہ دیش کے اسٹار کھلاڑی شکیب الحسن کو کے کے آر نے 3.2 کروڑ میں لیا ہے جبکہ گذشتہ سیزن وہ پابندی کی وجہ سے ٹورنمنٹ میں شرکت نہیں کر پائے تھے۔ آسٹریلیائی سابق کپتان اسٹیواسمتھ جنہیں راجستھان رائلز نے اپنی ٹیم سے نکال دیا تھا، انہیں دہلی کیپٹلس نے 2.20 کروڑ میں حاصل کیا حالانکہ انہیں اپنی بنیادی قیمت سے صرف 20 لاکھ روپئے زیادہ ملے ہیں۔ آئی پی ایل کی نیلامی کے پہلے گھنٹے کے دوران جن کھلاڑیوں کا کوئی خریدار نہیں تھا ان میں آسٹریلیائی کپتان آرون فنچ کے علاوہ ہندوستانی کھلاڑیوں میں ہنوماوہاری، کرن نیر اور کیدار جئے دیو قابل ذکر ہیں۔
اظہرالدین 20 لاکھ میں فروخت
٭ ابھرتے نوجوان بیٹسمین محمد اظہرالدین جنہوں نے سید مشتاق علی ٹرافی میں ممبئی کے خلاف تیز ترین سنچری بناتے ہوئے سرخیوں میں آئے تھے انہیں آئی پی ایل کی نیلامی میں رائل چیلنجرس بنگلور نے 20 لاکھ روپئے میں حاصل کیا۔ محمد اظہرالدین کی بنیادی قیمت بھی 20 لاکھ روپئے ہی ہے۔ سید مشتاق علی ٹرافی کے دوران تیز ترین سنچری بناتے ہوئے اظہرالدین نے توجہ اپنی جانب مبذول کروائی تھی اور کہا تھا کہ آئی پی ایل میں کھیلنا ان کا خواب ہے ۔