موسم گرما میں حیدرآباد میں پانی کی قلت نہیں ہوگی

   

واٹر ورکس عہدیداروں کی یقین دہانی، ذخائر آب کی سطح اطمینان بخش

حیدرآباد۔/16 فروری، ( سیاست نیوز) جاریہ سال موسم گرما میں حیدرآباد میں پینے کے پانی کی قلت نہیں ہوگی۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے عوام کو یہ تیقن دیا ہے۔ موسم گرما کا آغاز ہورہا ہے اور دن کا درجہ حرارت بڑھتا جارہا ہے ایسے میں حیدرآباد میں پانی کی سربراہی اور ذخائر آب میں پانی کی موجودگی کے بارے میں اندیشوں کا اظہار کیا جانے لگا۔ تاہم حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے کہا کہ ایلم پلی اور ناگر جنا ساگر پراجکٹس میں پانی کی سطح قابل لحاظ حد تک موجود ہے لہذا پینے کے پانی کی سربراہی میں کوئی دشواری نہیں ہوگی۔ مذکورہ دونوں ذخائر آب سے حیدرآباد کو پانی سربراہ کیا جاتا ہے۔ ایلم پلی پراجکٹ گوداوری اور ناگرجنا ساگر پراجکٹ کرشنا ندی پر تعمیر کیاگیا ہے۔ بورڈ کی جانب سے روزانہ تقریباً 440 ایم جی ڈی پانی شہر کو سربراہ کیا جاتا ہے جس میں 152 ایم جی ڈی ایلم پلی اور 270 ایم جی ڈی ناگرجنا ساگر سے ہوتا ہے۔ ایلم پلی کی آبی گنجائش 20 ٹی ایم سی ہے جس میں 10 ٹی ایم سی حیدرآباد کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ جاریہ سال پراجکٹ میں گوداوری سے بھاری مقدار میں پانی کا بہاؤ رہا۔ ناگرجنا ساگر میں پانی کی موجودہ سطح 531.8 فیٹ ہے جبکہ مکمل سطح 500 فیٹ ہے۔ اسی طرح ایلم پلی کی موجودہ سطح 145.9 میٹر بتائی گئی ہے جبکہ مکمل سطح 148 میٹر ہے۔ دونوں ذخائر آب کی موجودہ سطح کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جاریہ سال موسم گرما میں شہر کے عوام کو پانی کے سلسلہ میں کوئی دشواری نہیں ہوگی۔ بورڈ نے ایریگیشن ڈپارٹمنٹ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ناگرجنا ساگر میں 510 فیٹ کی سطح برقرار رکھنے کی خواہش کی تاکہ شہر کو سربراہی میں کوئی خلل نہ ہو۔ میٹرو واٹر ورکس کی جانب سے شہریان حیدرآباد کو دی گئی یہ خوشخبری اطمینان کا باعث ہوگی۔