موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ فیز II کیلئے عنقریب ٹنڈرس کی طلبی

   

پراجکٹ پر چیف منسٹر کا اعلیٰ سطحی اجلاس، اراضیات کے حصول پر توجہ دینے عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد 25 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ پر آج اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا اور پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کے لئے عہدیداروں کو ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں چیف منسٹر کے سکریٹری مانک راج، کمشنر ایچ ایم ڈی اے سرفراز احمد، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن، کمشنر ملکاجگری میونسپل کارپوریشن ونئے کرشنا ریڈی، کمشنر سائبرآباد میونسپل کارپوریشن سوجنا، کلکٹر رنگاریڈی نارائن ریڈی، کلکٹر میڑچل ایم چودھری، وی نرسمہا ریڈی، ڈی گوتم اور دیگر عہدیداروں نے جائزہ اجلاس میں شرکت کی۔ چیف منسٹر نے موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کے لئے اراضی کے حصول کے کام میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ اراضی کے حصول کے سلسلہ میں عہدیداروں کو واضح پالیسی اختیار کرنی چاہئے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ایف ٹی ایل، بفر زون کے تحت موجود اراضیات کے علاوہ اسائنڈ اراضی کے حصول کے سلسلہ میں محکمہ جات کو خصوصی پالیسی تیار کرنی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ کسی بھی قانونی رکاوٹ سے بچتے ہوئے اراضی کے حصول کا کام مکمل کیا جائے۔ اُنھوں نے پراجکٹ کے فیز II کے کاموں کے سلسلہ میں عنقریب ٹنڈرس طلب کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے میونسپل کمشنرس کو ہدایت دی کہ وہ پراجکٹ کے لئے کم شرح سود پر قرض کے حصول کی مساعی کریں۔ پراجکٹ پر ہر ہفتہ جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہاکہ وہ پراجکٹ کے متاثرین کی بازآبادکاری کے لئے بہتر منصوبہ تیار کریں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ پراجکٹ کی تکمیل کا مقصد حیدرآباد کو آلودگی سے پاک بنانا اور موسیٰ ندی کے اطراف کے علاقہ کو ترقیاتی اور سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنا ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ کے پہلے مرحلہ کے کاموں کو جلد مکمل کیا جائے اور دوسرے مرحلہ کے لئے جامع ایکشن پلان کے ذریعہ پیشرفت کی جائے۔ چیف منسٹر نے ٹنڈرس کو قطعیت دینے کا عمل شفافیت کے ساتھ مکمل کرنے کی ہدایت دی۔V/1