موسیٰ ندی کے متاثرین کو ڈبل بیڈروم مکانات دیئے جائیں گے

   

چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس، اراضی دینے والوں کو معاوضہ یا TDR دینے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 27 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے موسیٰ ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پراجکٹ کے کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ موسیٰ ندی کے کنارے رہنے والے متاثرہ خاندانوں کو ڈبل بیڈ روم (2BHK) مکانات مختص کئے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو لوگ اس منصوبے کیلئے اپنی اراضیات فراہم کرنے کیلئے آگے آئے انہیں قواعد کے مطابق منصفانہ معاوضہ یا ’’ٹی ڈی آر‘‘ (Tranferable Development Rights) فراہم کیا جائے۔ جمعہ کی شام (MCRHRD) میں موسیٰ ندی کی ترقی کے پہلے مرحلہ کے حوالہ سے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس اہم اجلاس میں ریاستی وزی رپی سرینواس ریڈی، رکن راجیہ سبھا و ایم نریندر ریڈی، حکومت کے اسپیشل چیف سکریٹری جیش رنجن اور دیگر سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے موسیٰ ندی کے کنارے پر آباد غریب عوام کو ڈبل بیڈروم مکانات دیکر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ عوام کواس پراجکٹ کے مقاصد، مستقبل کے خاکے اور ہونے والے ترقیاتی کاموں سے واقف کروانے کیلئے نیکلس روڈ پر ایک خصوصی ’’موسیٰ تجربہ مرکز‘‘ قائم کیا جائے گا جہاں عوام کی رائے اور تجاویز بھی حاصل کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو حکم دیا کہ گاندھی سروور پراجکٹ کیلئے محکمہ دفاع سے حاصل کی جانے والی اراضیات پر موجود ڈھانچوں کو منتقل کرنے کیلئے ضروری اقدامات کریں۔ حکومت کا کہنا ہیکہ اس منصوبے کا مقصد نہ صرف موسیٰ ندی کو صاف اور خوبصورت بنان ہے بلکہ ندی کے اطراف و اکناف رہنے والے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانا اور شہر کو سیلاب کے خطرات سے محفوظ رکھنا بھی ہے۔2