مولانا آزاد کی خدمات سے نئی نسل کو واقف کروانا ضروری

   


نلگنڈہ میں یوم تعلیم پروگرام سے جوائنٹ کلکٹر خوشبو گپتا اور دیگر عہدیداروں کا خطاب

نلگنڈہ۔/12 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) امام الہند مجاہد آزادی مولانا ابوالکلام آزاد کے اصولوں کو مشعل راہ بناتے ہوئے طلباء و طالبات اپنے مستقبل کو تابناک اور درخشاں بنائیں۔ ملک کے پہلے وزیر تعلیم کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے آج ملک تعلیمی طور پر ترقیافتہ ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر نلگنڈہ محترمہ خوشبو گپتا نے اقلیتی اقامتی گرلز جونیر کالج نکریکل میں یوم تعلیم کی تقریب کو بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مولانا آزاد نے ملک کی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے جو پالیسیوں کو بنایا تھا اسی پر عمل آوری کرتے ہوئے ملک آج دنیا کے ترقیافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوا ہے۔ وہ بچپن سے ہی تعلیم کی اہمیت سے واقف تھے جس کی وجہ سے انہوں نیجدوجہد آزادی میں حصہ لیتے ہوئے تعلیم کے فروغ کو بھی اس میں شامل کیا تھا۔ ان کی تاریخ سے نوجوان نسلوں کو آگاہ کرنے کی شدید ضرورت ہے۔ پرنسپل کالج ہذا محترمہ اسماء شاہین کی زیر صدارت منعقدہ تقریب میں مولانا آزاد کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس تقریب میں ضلع اقلیتی بہبود آفیسر مسٹر بالا کرشنا، ریجنل لیول کوآرڈینیٹر ٹمریز مسٹر وشنو مورتی ویجلینس آفیسر جناب عثمان علی اور چندرا ریڈی کے علاوہ اقلیتی قائدین مسرز احمد کلیم، اے اے خاں، محمد عزیز الدین بشیر، محمد رضی الدین اور دوسروں نے بھی مخاطب کیا۔ ضلع اقلیتی بہبود آفیسر نے کہا کہ طلباء و طالبات سچی لگن اور محنت کے ساتھ ساتھ تعلیم کے حصول کا شوق پیدا کریں۔ شوق سے حاصل ہونے والے علم سے اپنا مقرر کردہ نشانہ حاصل کرسکتے ہیں۔ ریجنل لیول کوآرڈینیٹر نے کہا کہ طالبات اپنے درپیش مسائل کو پیش کرنے پر اعلیٰ عہدیداروں کے تعاون سے مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔مرکزی حکومت اقلیتوں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے اس سے مکمل استفادہ کرتے ہوئے نہ صرف اپنا بلکہ ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ اس تقریب میں طالبات نے بہترین تہذیبی و تعلیمی شعور بیداری پروگرام پیش کیا۔ اقلیتی قائدین نے داخلوں سے متعلق تشویش کا اظہار کیا اور آئندہ تعلیمی سال سے مکمل تعاون کرتے ہوئے داخلوں کو صد فیصد مکمل کروانے کا تیقن دیا اور طالبات کو درپیش مسائل سے عہدیداروں کو واقف کرواتے ہوئے تمام سہولتیں فراہم کرونے کا تیقن دیا۔ قبل ازیں تقریب کا آغاز قرأت کلام پاک سے ہوا۔ اس پروگرام میں متعلقہ کالج کے تدریسی و غیر تدریسی عملہ کے علاوہ اولیاء طالبات کی کثیر تعداد شریک تھی۔