نئی دہلی: قرآن اور تفسیر قرآن اسلامک اسٹڈیز کا اہم موضوع ہے اور قرآنی تفاسیر میں مولانا ابوالکلام آزاد کی تفسیر ‘ترجمان القرآن’ بیسوی صدی عیسوی کا ایک علمی شاہکار ہے ۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد ارشد،استاذ،شعبہ اسلامک اسٹڈیز،جامعہ ملیہ اسلامیہ،نئی دہلی نے ‘قومی یوم تعلیم ’ کے موقع پر بزم طلبہ کی جانب سے منعقد ایک توسیعی خطبہ کے دوران کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ مولانا آزاد کا سب سے بڑا کارنامہ یہ ہے کہ انہوں نے اپنی تفسیر کو روایتی وعظ وارشاد کی کتاب کے طور پر پیش کرنے کے بجائے ایک ایسی کتاب کے طور پر پیش کیا جو انسانی زندگی اور فکر وعمل میں ایک انقلاب برپا کر دیتی ہے ۔بزم طلبہ کے مشیر ڈاکٹر خورشید آفاق نے کہاکہ اس موقع پرشعبہ اسلامک اسٹڈیز اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کی طرف مولانا آزاد کے لیے خراج عقیدت یہی ہے کہ ان کی قرآنی خدمات کو عام کیا جائے ۔سابق صدرشعبہ پروفیسر سید شاہد علی نے اپنے صدارتی خطاب میں طلبہ و طالبات کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مولانا آزاد کی علمی و تصنیفی خدمات سے سیکھنا چاہئے۔