مولانا رابع ندوی اور پروفیسر یوسف سرمست کو ابوالکلام آزاد ایوارڈ

   

اُردو اکیڈیمی کے مخدوم ایوارڈس کیلئے 4 شخصیتوں کا انتخاب، پروفیسر حبیب ضیاء اور عقیل ہاشمی شامل
حیدرآباد۔13 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ اُردو اکیڈیمی میں مولانا ابوالکلام آزاد قومی ایوارڈ کے علاوہ مخدوم ایوارڈس کے لیے مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والی نامور شخصیتوں کے ناموں کو منظوری دی ہے۔ صدرنشین اکیڈیمی رحیم الدین انصاری کی صدارت میں آج ججس کے پیانل کا اجلاس منعقد ہوا۔ 5 رکنی ججس کے پیانل میں 4 ارکان شریک ہوئے جن میں پروفیسر اشرف رفیع، پروفیسر شوکت حیات، پروفیسر نسیم الدین فریس اور ڈاکٹر عقیل ہاشمی شامل ہیں۔ ایم اے ماجد اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ ججس نے گزشتہ 2 برسوں کے مولانا ابوالکلام آزاد قومی ایوارڈس کے لیے صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ مولانا رابع حسنی ندوی اور پروفیسر یوسف سرمست کے ناموں کو منظوری دی ہے۔ یہ ایوارڈ 2 لاکھ 25 ہزار روپئے نقد، توصیف نامہ اور مومنٹو پر مشتمل ہے۔ ججس نے گزشتہ 4 برسوں کے مخدوم ایوارڈس کے لیے جن ناموں کو منظوری دی ہے ان میں پروفیسر حبیب ضیاء (تحقیق و تنقید)، مظہر الزماں (فکشن)، ڈاکٹر عقیل ہاشمی (شاعری) اور ایم اے ماجد (صحافت) شامل ہیں۔ یہ ایوارڈ 2 لاکھ روپئے نقد، توصیف نامہ اور مومنٹو پر مشتمل ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور سے جلد ہی تقریب کے انعقاد کے لیے وقت حاصل کیا جائے گا۔ ایوارڈ تقریب میں مجموعی خدمات کے کارنامہ حیات ایوارڈس اور اساتذہ کے ایوارڈس بھی تقسیم کیے جائیں گے۔ اردو اکیڈیمی جاریہ ماہ کے اواخر میں قومی سطح کے مشاعرے کے انعقاد کی تیاری کررہی ہے جس میں ملک کے نامور شعرا کو مدعو کیا جائے گا۔