نئی دہلی : مدرسہ مظاہر علوم کے امین عام اور نامور عالم دین مولانا سید محمد شاہد الحسنی سہارن پوری کے سانحہ ارتحال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے آل انڈیا تنظیم علمائے حق کے قومی صدر مولانا محمد اعجاز عرفی قاسمی نے کہا کہ مولانا شاہد حسنی کا سانحہ رحلت ایک بڑا ملی اور علمی خسارہ ہے ۔انہوں نے تنظیم کی طرف سے جاری تعزیتی بیان میں کہا کہ ان کے انتقال سے علم و عمل کی دنیا میں ایک بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے جس کی تلافی کی بظاہر کوئی شکل نظر نہیں آتی۔ انھوں نے کہا کہ مولانا مرحوم ایک قابل، با صلاحیت اور جید الاستعداد عالم دین تھے ۔تعلیم و تدریس اور کتاب فہمی پر انھیں عبور حاصل تھا۔انھوں نے درس نظامی کی مختلف علوم و فنون پر مبنی ادق اور مشکل ترین کتابیں کامیابی کے ساتھ بھی پڑھائیں، جس کے سبب وہ طلبہ میں بہت مقبول تھے ۔