موٹر سائیکلوں کا سرقہ کرنے والے چار افراد بشمول دو کم عمر گرفتار

   

حیدرآباد : /28 جولائی (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس کی ساؤتھ ایسٹ زون ٹیم پولیس نے موٹر سائیکلوں کے سرقہ میں ملوث 4 افراد بشمول کم عمر نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 21 سالہ شیخ مصطفیٰ ساکن جلال کوچہ حسینی علم اور 28 سالہ محمد افسر ساکن اولڈ سنتوش نگر اور دیگر دو کم عمر نوجوانوں نے ٹولی کی شکل میں دونوں شہروں میں موٹر سائیکلوں کے سرقے کئے۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ سارقین معاشی تنگی کا شکار تھے اور اپنی پرتعیش زندگی گزارنے کیلئے علاقہ حسینی علم ، کالاپتھر ، آئی ایس سدن ، بنڈلہ گوڑہ اور فلک نما علاقوں میں موٹر سائیکلوں کے ساتھ سلسلہ وار سرقے کئے تھے ۔ ٹاسک فورس نے گرفتار ملزمین کے قبضے سے 7 مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلی اور انہیں متعلقہ پولیس کے حوالے کردیا ۔