مکتھل میں سیاست ایس ایس سی کوسچن بینک کی تقسیم

   

مکتھل ۔ 30 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع پریشد گورنمنٹ گرلز اینڈ بوائز ہائی اسکول میں روزنامہ سیاست اخبار کی جانب سے ایس ایس سی اردو میڈیم طلبہ و طالبات کے لئے شائع کئے گئے سیاست کوسچن بینکس کی طلبہ و طالبات میں تقسیم عمل میں لائی گئی۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب کی صدارت ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول مکتھل سدھیر کمار نے کی جبکہ خواجہ معین الدین مدرس نے سیاست کے ذمہ داروں و معززین ٹاؤن کا خیرمقدم کرتے ہوئے اخبار سیاست کا شکریہ ادا کیا کہ وہ طلبہ اور طالبات کے روشن و سنہرے مستقبل کے لئے اس طرح کوسچن بینک کی تقسیم کے ذریعہ قوم و ملت اور ملت کے نونہالوں کی بڑی خدمت کررہے ہیں جبکہ نامہ نگار سیاست مکتھل مولانا عبدالقوی حسامی نے سیاست کی مختلف شعبہ حیات میں خدمات کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ سیاست صرف خبروں سے آگاہی کے لئے ایک اخبار ہی نہیں بلکہ ایک فکر اور تحریک کا نام ہے جو قوم و ملت کے مفاد میں مستقل سرگرم عمل ہے۔ محمد نور الدین صدر مسجد نور ایس ایس سی میں درجہ اول سے کامیابی حاصل کرنے والے کو اپنی جانب سے نو ہزار روپے نقد اور انعام دوم حاصل کرنے والے کو پانچ ہزار روپے نقد انعام کا اعلان کیا۔ اس تقریب کو جناب عبدالقدوس ٹیچر اور این ایس یو آئی کے محمد فیروز نے بھی مخاطب کیا۔ تقریب کے انعقاد کے اہم و کامیاب رول ادا کرنے والے محمد جمشیر علی نے کارروائی چلائی۔ اس موقع پر سدھیر کمار صدر مدرس کے علاوہ خواجہ معین الدین مدرس، عبدالقدوس مدرس نفیس النساء ٹیچر، ایم کے نصیر، محمد رفیق، مولانا مفتی اشرف علی و دیگر موجود تھے۔