مکتھل میں ڈاکوؤں و چوروں کی عوام میں دہشت

   

لکڑی کے تاجر کے گھر سے 5 لاکھ روپئے لیکر ٹولی فرار، پولیس مصروف تحقیقات

مکتھل /13 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مکتھل مستقر ٹاون میں ڈاکوں نے ایک لکڑی کے تاجر کے مکان میں داخل ہوکر گھر میں موجود خاتون کو ڈرا دھمکاکر تقریباً پانچ لاکھ روپئے لیکر فرار ہوگئے ۔ تفصیلات کے بموجب محلہ جانم پیٹ قدیم سنیما تھیٹر ایریا میں لکڑی مشین کے مالک جناب عبدالحمید کے مکان میں داخل ہوکر گھر میں موجود ان کی صاحبزادی کو ڈرا دھمکاکر الماریوں کی کنجی طلب کرتے ہوئے الماری سے پانچ لاکھ روپئے کی نقد رقم لیکر راہ فرار اختیار کی اور دیکھتے ہی دیکھتے اس واقعہ کی اطلاع پورے ٹاون میں پھیل گئی اور عوام کا اژدھام ان کے گھر پر جمع ہوگیا ۔ سرکل انسپکٹر پولیس مکتھل سب انسپکٹر پولیس مکتھل نے مقام حادثہ پر پہونچکر تفصیلات حاصل کرلی اور نامعلوم سارقوں کے خلاف کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جبکہ رکن اسمبلی مکتھل مسٹر سری ہری نے بھی متاثرہ مکان پہونچکر مکینوں سے تفصیلات معلوم کی اور پولیس عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ فوری حرکت میں آتے ہوئے خاطیوں کو گرفتار کریں ۔ بتایا جاتا ہے کہ لکڑی مشین کے مالک نے اپنی ایک جائیداد فروخت کرکے رقم گھر میں رکھی تھی اور گھر کی دیگر خواتین پڑوس میں ایک تقریب میں گئے ہوئے تھے کہ شام 5 بجے کے بعد یہ واقعہ پیش آیا اور گھر میں صرف ان کی لڑکی موجود تھی ۔ ڈاکوؤں نے جو اپنے منھ پر کپڑا باندھے اور ماسک لگائے ہوئے تھے۔ گھر میں داخل ہوکر لڑکی کو زدوکوب کیا اور اس لڑکی کی معصوم نومولود کو مارنے کی دھمکی دیکر الماری کی کنجیاں طلب کی اور الماری سے نقد رقم لیکر فرار ہوگئے ۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پچھلے پندرہ دن سے پورے مکتھل ٹاون میں چوروں کی دہشت پھیلی ہوئی ہے اور ٹاون کے مختلف محکمہ جات میں رات دیر گئے دروازوں پر دستک کی آوازیں محسوس کی جارہی ہیں اور مسلم نوجوانوں نے پچھلے چند روز سے راتوں میں بیدار ہوکر نگرانی کر رہے ہیں جبکہ پولیس اپنی گشت کے باوجود اس طرح کے واقعات کے انسداد میں مجبور و بے بس نظر آرہی ہے ۔ جبکہ اس طرح ڈکیتی کا ایک بڑا واقعہ پیش آیا کیمروں کی مدد سے پولیس ڈاکوؤں کی گرفتاری کیلئے اپنا جال بچھوائی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ بعض اہم سراغ پولیس کو دستیاب ہوئے ہیں اور پولیس ڈاکووں کی یقینی گرفتاری کیلئے مکمل تحقیقات سے آگے بڑھ رہی ہے ۔ ڈی ایس پی نارائن پیٹ نے بھی اس واقعہ پر گہرائی کے ساتھ جائزہ لیتے ہوئے نظر رکھے ہوئے ہیں ۔