سیکوریٹی گارڈ اذان و اسٹور کیپر کی امامت ، محکمہ اقلیتی بہبود مسجد کے امور کو بہتر بنانے میں ناکام
محمد مبشرالدین خرم
حیدرآباد۔9مئی ۔مکہ مسجد سے اذان پولیس ملازمین دے رہے ہیں اور نماز اسٹور کیپر پڑھا رہے ہیں۔شہر کی تاریخی مکہ مسجد میں آج فجر کی اذان مسجد میں سیکیوریٹی خدمات انجام دے رہے ہوم گارڈ نے دی اور جب ان سے دریافت کیا گیا کہ وہ اذان کیوں دے رہے ہیں تو انہوں نے بتایا کہ مؤذن کی عدم موجودگی میں وہ اذان دے دیا کرتے ہیںاور یہ کوئی نئی بات نہیں ہے کیونکہ گذشتہ یوم بھی ظہر کی اذان انہوں نے دی تھی اور دو یوم قبل عطر فروش نے فجر کی اذان دی تھی۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت شہر حیدرآباد کی دو سرکردہ مساجد ہیں جن میں تاریخی مکہ مسجد اور شاہی مسجد باغ عامہ شامل ہیں لیکن ان دونوں مساجد کے امور کے متعلق صورتحال انتہائی افسوسناک ہوتی جا رہی ہے۔ تاریخی مکہ مسجد میں 6ماہ سے زائد کا عرصہ گذر چکا ہے اور امام مکہ مسجد کے عہدہ پر کسی کا تقرر عمل میں نہیں لایا گیا ہے جبکہ مولانا حافظ محمد عثمان نقشبندی کی سبکدوشی کے بعد سے ان کی جگہ امام کے تقرر کی درخواست محکمہ اقلیتی بہبود کو متعدد مرتبہ روانہ کی جاچکی ہے لیکن محکمہ موجود مذہب بیزار عہدیداروں کی جانب سے ان مسائل کو حل کرنے کے بجائے انہیں نظر انداز کرنے کی پالیسی اختیار کی جا رہی ہے جس کے نتیجہ میں تاریخی مکہ مسجد میں ہوم گارڈ اذان دے رہے ہیں اور اسٹورکیپر طویل عرصہ سے نماز عصر اور مغرب کی امامت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔نائب مؤذن مکہ مسجد جناب محمد علی عشاء کی نماز کی امامت کر رہے ہیں۔ مکہ مسجد میں پنج وقتہ نمازوں کی امامت کے لئے امام کے تقرر اور مکہ مسجد میں خدمات انجام دینے والے عملہ کی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کے سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے اختیار کیا گیا رویہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مکہ مسجد کے امور کو بہتر بنانے میں عہدیدارو ںکو کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ضلعی عہدیداروں سے دریافت کرنے پر اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ریاستی سطح کے عہدیداروں نے ماہ رمضان المبارک کی ابتداء میں اس سلسلہ میں ایک اہم اجلاس منعقد کرتے ہوئے مکہ مسجد میں نماز فجر اور ظہر کی امامت کے لئے مولانا عبداللطیف کی معیاد میں توسیع کے علاوہ عصر ‘ مغرب اور عشاء کی نمازوں کی امامت کے لئے امام کے تقرر کے سلسلہ میں جلد اقدامات کاتیقن دیا تھا لیکن اس کے باوجود اب تک بھی اس سلسلہ میں احکام جاری نہیں کئے گئے اور نہ ہی امام کے تقرر کو یقینی بنایا گیا جس کی وجہ سے مکہ مسجد میں اسٹور کیپر کی ذمہ داری پر مامور جناب وجاہت امام کی عدم موجودگی امامت کی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں ۔ م