مکہ مسجد کے جنوبی حصہ میں کام جاری ‘ شمالی حصہ میں بعد رمضان کام ہوگا

,

   

رفتار میں سستی کا اعتراف ‘ باریک بینی سے کام کرنے کا ادعا ‘ اے کے خان کا دورہ

حیدرآباد۔28فروری(سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد کے مرمتی و آہک پاشی کے کاموں میں سست روی کا اعتراف کرتے ہوئے جناب عبدالقیوم خان مشیر حکومت تلنگانہ برائے اقلیتی امور نے کہا کہ مکہ مسجد کی مرکزی عمارت کے جنوبی حصہ میں کام جاری ہے اور ماہ رمضان المبار ک کے بعد ہی شمالی حصہ کے مرمتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔ اے کے خان نے آج مکہ مسجد کے مرمتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعتراف کیا اور کہا کہ تعمیری و مرمتی کاموں میں کچھ تاخیر ہورہی ہے لیکن آئندہ چند یوم کے دوران ایک اور جائزہ اجلاس منعقد کرکے اجلاس میں محکمہ اقلیتی بہبود اور محکمہ آثار قدیمہ کے عہدیداروں کو طلب کیا جائیگا اور کاموں میں تیزی پیدا کرنے اقدامات کئے جائیں گے۔ مسٹر اے کے خان نے بتایا کہ فی الحال مکہ مسجد کے احاطہ میں 4کام بیک وقت جاری ہیں جن میں آصف جاہی سلاطین کے مقبرہ کی چھت کا کام مکمل کرلیا گیا ہے اور اب مدرسۃ الحفاظ کی چھت کا کام جاری ہے ۔

انہو ںنے بتایا کہ مرکزی باب الداخلہ اور پلمبر کے کاموں کا آئندہ ہفتہ آغاز کردیا جائیگا ۔ مکہ مسجد کی مرکزی عمارت کی چھت کا کام مکمل کرلیا گیا ہے اور اندرونی حصہ میں جنوبی حصہ کا کام جاری ہے جسے ماہ رمضان المبارک سے قبل مکمل کرلینے ہدایت دی گئی ہے اور عیدالفطر کے بعد شمالی حصہ کے کاموں کی شروعات کی جائیگی۔ اے کے خان کے ہمراہ جناب شاہنواز قاسم ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی بہبود ‘ جناب عبدالقدیر صدیقی سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد کے علاوہ محکمہ آثار قدیمہ کے عہدیدار موجود تھے۔ جناب اے کے خان نے بتایا کہ تاریخی مکہ مسجد کے کاموں میں عجلت کا مظاہرہ نہ کئے جانے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ان کاموں کو مکمل طور پر باریکی سے انجام دیا جا رہاہے اور اس کیلئے 4علحدہ ٹھیکہ داروں کو کام تفویض کئے گئے جو کہ پوری لگن کے ساتھ کام انجام دے رہے ہیں۔ انہو ںنے موسم گرما کے دوران مکہ مسجد کے صحن میں سائبان کی تعمیر اور ماہ رمضان المبارک کے انتظامات کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے ہر سال جو کام انجام دیئے جاتے ہیں ان کاموں کی تکمیل کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔