مکہ مکرمہ میں فوج کیلئے حفظ قرآن کا عالمی مسابقہ

   


ریاض : سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں مکہ المکرمہ میں فوج کیلئے حفظ قرآن کے نویں بین الاقوامی مسابقہ کا آغاز ہوا۔ 12 تا 19 ربیع الثانی جاری رہنے والے مسابقہ کا اہتمام وزارت دفاع میں مسلح افواج کے مذہبی امور کے جنرل ڈپارٹمنٹ نے کیا۔ وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی جانب سے ’’مرکز فکری جنگ‘‘ کے جنرل سوپروائزر ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے ڈائریکٹر کی موجودگی میں فوج کیلئے نوبل قرآن حفظ کرنے کے نویں بین الاقوامی مقابلے کا افتتاح کیا۔ مسلح افواج کے مذہبی امور کے جنرل ڈپارٹمنٹ میں مسابقہ کے نگران عبد الرحمن الحسینی بھی موجود تھے۔محمد العیسیٰ نے اپنے خطاب میں مسابقہ میں حصہ لینے والوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ہم خدا کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ہم اس ملک کے با شندے ہیں جس کے حکمرانوں نے قرآن کریم کی حفاظت کیلئے سب سے آگے بڑھ کر بے مثال کام کئے ہیں۔
انہوں نے خدمت کیلئے بڑے بڑے عظیم کام انجام دئیے ہیں۔ انہیں کاموں میں سے اس ملک کے لوگوں کو تعلیم دینا بھی شامل ہے۔ اس ملک کے شہریوں کو قرآن کی تلاوت کرنے، اسے حفظ کرنے، اس کی تفسیر سمجھنے اور اس عظیم کتاب پر تدبر کرنے کی طرف راغب کرنے کی کوششیں کی گئی ہیں۔اس کے بعد مسلح افواج کے مذہبی امور کے جنرل ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل اور مقابلے کے عمومی نگران عبدالرحمٰن الحسینی نے تقریر کی جس میں انہوں نے قرآن کریم کی حفاظت اور اس کی دیکھ بھال کیلئے سعودی عرب کی کوششوں سے آگاہ کیا۔