مکہ مکرمہ کی نظام رباط میں 1906 عازمین کے قیام کیلئے قرعہ اندازی

,

   

ناظر رباط حسین الشریف کی خصوصی آمد، مستقبل میں مزید عمارتوں کے حصول کی مساعی جاری

حیدرآباد۔/4 مئی ، ( سیاست نیوز) حج 2019 میں مکہ مکرمہ کی نظام رباط میں قیام کیلئے سابق ریاست حیدرآباد کے عزیزیہ زمرہ سے تعلق رکھنے والے عازمین کی قرعہ اندازی آج انجام دی گئی۔ 1906 نشستوں کیلئے 8670 عازمین حج میں سے قرعہ اندازی کرتے ہوئے فہرست کو قطعیت دی گئی۔ 1096 منتخب فہرست کے علاوہ 100 عازمین کی ویٹنگ لسٹ بھی تیار کی گئی ہے۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف قرعہ اندازی تقریب میں شرکت کیلئے بطور خاص مکہ مکرمہ سے حیدرآباد پہنچے تھے۔ ایچ ای دی نظام اوقاف کمیٹی کے صدرنشین نواب خیر الدین علی خاں کے علاوہ ایس اے ھدیٰ ( ریٹائرڈ آئی پی ایس ) اور فیض خاں قرعہ اندازی کے موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ جاریہ سال حیدرآبادی رباط کی 3 عمارتوں میں 1223 عازمین حج کے قیام کی تصریح کو حکومت سعودی عرب نے منظوری دی ہے۔ رائل فیملی کیلئے 10 فیصد کوٹہ مقرر کیا گیا جس کے تحت 122 نشستیں مختص کی گئیں۔ ان کے علاوہ 4 خادم الحجاج کی نشستوں کو چھوڑ کر جملہ 1096 نشستوں کیلئے قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین کا انتخاب کیا گیا۔ تلنگانہ کے 33 اضلاع کے 4337 ، مہاراشٹرا کے 8 اضلاع سے 3267 اور کرناٹک کے 4 اضلاع سے 1066 عزیزیہ زمرہ کے عازمین کو قرعہ اندازی میں شامل کیا گیا۔ مہاراشٹرا کے جو اضلاع قرعہ اندازی میں شامل کئے گئے ان میں اورنگ آباد، بیڑ، ہنگولی، جالنہ ، لاتور، ناندیڑ، عثمان آباد اور پربھنی شامل ہیں۔

جبکہ کرناٹک کے بیدر، گلبرگہ، رائچور اور یادگیر سابق ریاست حیدرآباد کے اضلاع کی حیثیت سے قرعہ اندازی میں شامل کئے گئے ۔ تلنگانہ حج کمیٹی کو جاریہ سال جملہ 13368 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں عام زمرہ کے تحت 12884 درخواستیں تھیں۔ تلنگانہ کیلئے 4169 کا کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا اور محفوظ زمرہ کے 484 عازمین کو چھوڑ کر 3685 نشستوں کیلئے قرعہ اندازی کی گئی تھی۔ ویٹنگ لسٹ اور سرکاری کوٹہ کے بشمول فی الوقت تلنگانہ سے جملہ 5002 عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی۔ رباط کیلئے قرعہ اندازی کے موقع پر ناظر حسین محمد الشریف نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین برسوں سے تلنگانہ حج کمیٹی کے اشتراک سے قرعہ اندازی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رباط میں قیام کے ذریعہ عزیزیہ زمرہ کے عازمین حج کو فائدہ پہنچانا ان کا اولین مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ 24 سال قبل صرف 80 عازمین حج کے انتظامات سے انہوں نے خدمات کا آغاز کیا تھا جو آج بڑھ کر 1223 ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رائل فیملی کیلئے جو 122 نشستیں الاٹ کی گئیں اُن کی فہرست اندرون دس یوم مل جانی چاہیئے۔ رائل فیملی کی جو نشستیں خالی رہیں گی ان پر ویٹنگ لسٹ کے عازمین کا انتخاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ منتخبہ فہرست حکومت سعودی عرب کی وزارت حج میں جمع کردیں گے۔ حسین محمد الشریف نے کہا کہ وہ اس بات کی کوشش کررہے ہیں کہ آنے والے دنوں میں زیادہ سے زیادہ عازمین حج کو رباط میں قیام کا موقع ملے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن وہ ضرور آئے گا جب تلنگانہ کے تمام چار تا پانچ ہزار عازمین حج کو رباط میں قیام کی سہولت حاصل ہوجائے گی۔ وہ اس سلسلہ میں زائد عمارتوں کیلئے مساعی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رباط کی عمارتیں حرم شریف سے قریب ہونے کے سبب پکوان کی اجازت نہیں دی جارہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل کچن کے قیام کی اجازت نہیں ہے لہذا ہر فلور پر تین تا چار مقامات پر پکوان کی سہولت فراہم کی جائے گی اور وہ گزشتہ سال کی طرح عازمین کو ترکاری مفت سربراہ کریں گے۔ اس کے علاوہ گیس سلینڈرس بھی سربراہ کئے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ناظر رباط نے بتایا کہ وہ حکومت سعودی عرب کے مقرر کردہ ناظر ہیں اور وہ رباط کے انتظامات اور دیگر اُمور کیلئے صرف حکومت سعودی عرب کو جوابدہ ہیں۔ عازمین حج کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے وہ تال میل کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ نظام ٹرسٹ کے فیض خاں نے بتایا کہ مدینہ منورہ میں 3 رباط تھیں جو توسیع میں منہدم کردی گئیں۔ اوقاف کمیٹی اس بات کی کوشش کررہی ہے کہ تینوں رباطوں کو بحال کیا جائے۔ اس سلسلہ میں وہ سعودی عرب کا دورہ کرچکے ہیں۔