مکیش امبانی، امیتابھ بچن اور دھرمیندر کے گھروں کو بم سے اڑانے کی دھمکی

   

ناگپور : مہاراشٹرا کے ناگپور پولیس کنٹرول میں ایک شخص نے ایسی کال کی کہ سب کے پیروں تلے سے زمین نکل گئی۔ اس فون کال پر ایک نامعلوم شخص نے ممبئی کے مشہور لوگوں کے گھر بم دھماکے کی بات کی۔ اس میں مشہور بزنس مین مکیش امبانی، فلمی اداکار امیتابھ بچن اور دھرمیندر شامل ہیں۔فون کرنے والے نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ مکیش امبانی کے بنگلے اینٹیلیا میں دھماکہ ہوگا۔ اس کے علاوہ فون کرنے والے نے کہا کہ امیتابھ بچن کے گھر اور بالی ووڈ اداکار دھرمیندر کے گھر پر بھی دھماکہ ہوگا۔ کال موصول ہونے کے بعد ناگپور پولیس نے ممبئی پولیس کو یہ اطلاع دی ہے۔ تو وہیں، ممبئی پولیس کال کرنے والے کا سراغ لگانے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہے۔ ایک نامعلوم شخص نے ناگپور پولیس کنٹرول روم کو فون کیا اور بم دھماکوں کی دھمکی دی۔