مکیش امبانی کے گھر کے قریب بارود سے بھری کار دستیاب

,

   

ممبئی : ریلائنس انڈسٹریز کے سربراہ اور متمول ترین بزنسمین مکیش امبانی کی رہائش گاہ کے باہر بارود سے بھری مشتبہ اسکارپیو کار پائی گئی۔ ممبئی میں انٹیلیا کے قریب جلیٹن کا ذخیرہ برآمد ہوا ہے۔ ممبئی پولیس، فارنسک ٹیم اور ڈاگ اسکواڈ موقع پر پہونچ گئے اور تحقیقات شروع کردی۔ دھماکہ خیز مواد کے ساتھ ایک خط بھی ملا ہے جس سے یہ سمجھا جارہا ہے کہ بہت بڑا حادثہ ہونے والا تھا۔ پولیس اور تحقیقاتی ٹیم سی سی ٹی وی فٹیج کے ذریعہ اِس واقعہ کا پتہ چلانے کی کوشش کررہی ہے۔ وزیرداخلہ مہاراشٹرا انیل دیشمکھ نے کہاکہ کرائم برانچ ممبئی پولیس اِس پورے معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ اسکارپیو میں 20 جلیٹن اسٹک دستیاب ہوئے ہیں۔ اِس کار کو چند افراد نے سہ پہر 3 بجے وہاں پر کھڑی دیکھا اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے پورے علاقہ کو گھیر کر تلاشی لی۔ جوائنٹ کمشنر پولیس وشواس پاٹل نے کہاکہ اِس واقعہ کے بعد سکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔