مہاجر، مزدوروں اور محنت کشوں کی بدترین صورتحال کیلئے حکومت ذمہ دار

,

   

اس سے پہلے کہ کوئی بڑا سانحہ نہ ہوجائے جلد ٹھوس قدم اُٹھانے مودی حکومت سے مطالبہ ، راہول گاندھی کا بیان

’مودی جی اور امیت شاہ جی ! غریبوں کی زندگیوں کو بچانے خدارا اپنے اقتدار کا استعمال کریں‘ : پرینکا گاندھی

نئی دہلی۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی نے کووڈ۔ 19 لاک ڈاؤن کے پیش نظر مختلف ریاستوں میں کام کرنے والے مہاجرین ، محنت کشوں اور مزدوروں کی حالت زار کیلئے حکومت کو موردالزام ٹھہرایا اور کہا کہ یہ غریب بے سہارا اور بے بس مہاجرین اپنے آبائی مقامات کو واپسی کیلئے میلوں پیدل چلنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ راہول گاندھی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے بروقت ٹھوس اقدامات کرے تاکہ یہ کوئی بڑے سانحہ کی شکل اختیار نہ کرے ۔ انہوں نے کانگریس ورکرس سے اپیل کی کہ تمام مہاجرین کو اپنے علاقوں میں غذا اور رہنے کا مقام فراہم کریں۔ راہول گاندھی نے ٹوئٹر پر کہا کہ ’اس خطرناک حد تک تکلیف دہ صورتحال کیلئے حکومت ذمہ دار ہے، شہریوں کو اس حالت میں ڈالنا ایک سنگین جرم ہے۔ آج بحران کی اس گھڑی میں ہمارے تمام بھائی بہن آگے آئیں تاکہ ضرورت مند مہاجرین کو مستحقہ احترام و مدد حاصل ہوسکے۔ حکومت کو چاہئے کہ بہ عجلت ممکنہ ٹھوس قدم اٹھائے جائیں تاکہ یہ صورتحال کہیں کوئی بڑا سانحہ نہ بن جائے‘۔ راہول گاندھی نے ہندی میں کئے گئے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ ’ہمارے سینکڑوں بھوکے اور پیاس بھائی بہن اپنے خاندانوں کے ساتھ آبائی دیہاتوں کو پیدل چلتے ہوئے جانے کیلئے مجبور ہوگئے ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ ’اگر ہوسکے تو برائے مہربانی آپ انہیں اِس کٹھن سفر میں پانی، غذا اور ٹھہرنے کیلئے جگہ فراہم کریں۔ میں بالخصوص کانگریس کے قائدین اور کارکنوں سے مدد کی اپیل کررہا ہوں۔ جئے ہند‘ کانگریس کی لیڈر پرینکا گاندھی وڈرا نے کہا کہ جب حکومت کئی ہندوستانیوں کو بیرونی ممالک سے وطن واپس لانے کیلئے ہوائی جہاز روانہ کرسکتی ہے تو پھر آخر کیا وجہ ہے کہ وہ ان مہاجر مزدوروں کو ان کے آبائی مقام پہنچانے کیلئے ٹرانسپورٹ کیوں فراہم نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ’بحیثیت ایک قوم ہم کس طرح ان ہزاروں مہاجر مزدوروں و محنت کشوں کو اس صورتحال کو بھگتنے کیلئے چھوڑ سکتے ہیں؟ ایسے کئی مرد ، خواتین و بچے ہیں جو مشرقی اترپردیش اور بہار تک پہنچنے کیلئے پیدل چلتے چلے جارہے ہیں‘۔ پرینکا نے کہا کہ ’ہم نے اپنے شہریوں کو یوروپ سے واپس لانے کیلئے طیارے بھیجے تھے اور اب کیا وجہ ہے کہ غریب اور غیرمحفوظ لوگوں کو ان کے گھر تک پہنچانے کیلئے معمولی ٹرانسپورٹ کا انتظام بھی نہیں کررہے ہیں۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ حکومت کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں تمام ساتھی شہریوں کی مدد کرے۔ پرینکا گاندھی نے وزیراعظم اور وزیر داخلہ سے اپیل میں کہا کہ ’خدا کیلئے مودی جی اور امیت شاہ جی برائے مہربانی آپ اُن لوگوں کی زندگیاں بچانے کیلئے اپنے اقتدار کا استعمال کریں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ہی اپنے ہندوستانیوں کے ساتھ ایسا سلوک نہ کیجئے کہ انہیں اس حالت میں چھوڑ کر کہیں ہم خود شرمندہ ہوجائیں۔ وہ بھی ہمارے ہی ہیں ۔ مزدور اس ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور برائے مہربانی ان کی مدد کیجئے۔ سینئر لیڈر چدمبرم نے ان حالات کو حکومت کی عدم تیاری کی ایک اور مثال قرار دیا۔