مہاراشٹرا، ہریانہ کے اسمبلی الیکشن اور ضمنی چناؤ کیلئے انتخابی مہم کا اختتام

,

   

نئی دہلی ، 19 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا اور ہریانہ کے اسمبلی انتخابات کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں 18 ریاستوں کی 51 اسمبلی اور دو لوک سبھا نشستوں کیلئے انتخابی مہم کا آج ہفتہ کو اختتام ہوگیا۔ پیر 21 اکٹوبر کو رائے دہی مقرر ہے۔ مہاراشٹرا اور ہریانہ دونوں جگہ برسراقتدار بی جے پی کا موقف مضبوط ہے اور وزیراعظم نریندر مودی کی ریلیوں نے بھی پارٹی کے امکانات کو بڑھایا ہے۔ دونوں ریاستوں میں اپوزیشن بہت کمزور ہے۔ تاہم، بڑی ریاست مہاراشٹرا میں کم از کم چار بڑی پارٹیوں بی جے پی، شیوسینا، کانگریس، این سی پی کے ساتھ ساتھ بعض مقامی اور غیرمقامی پارٹیوں کی بھی انتخابی مسابقت میں شرکت نے اس چناؤ کو دلچسپ بنایا ہے۔ بی جے پی اور اس کی حلیف پارٹیاں ضمنی چناؤ کی 51 اسمبلی نشستوں میں سے تقریباً 30 پر قبضہ رکھتی ہیں۔ اس طرح برسراقتدار این ڈی اے کیلئے اپنا وقار داؤ پر لگا ہے۔ انھیں اپریل؍ مئی کے لوک سبھا الیکشن میں زبردست کامیابی کا ردھم برقرار رہنے کی توقع ہے۔ کانگریس نے 12 سیٹیں جیتے تھے جبکہ بقیہ علاقائی پارٹیوں کے پاس ہیں۔ سب سے زیادہ 11 اسمبلی سیٹیں اترپردیش میں ہیں جس کے بعد گجرات میں چھ ، بہار میں پانچ ہیں۔ یہ تمام تینوں ریاستوں میں بی جے پی اور حلیف پارٹی کا اقتدار ہے۔ تینوں ریاستوں کے چیف منسٹرس یوگی آدتیہ ناتھ، وجئے روپانی، نتیش کمار اچھے نتائج کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔