مہاراشٹرا : خاتون نے فرنویس کے نام کی تختی اتار کر پھینک دی

   

ممبئی : ایک خاتون نے مہاراشٹرا ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر فرنویس کے دفتر کے باہر لگی ان کی نام کی تختی کو اتار کر پھینک دیا ۔ یہ واقعہ جنوبی ممبئی میں منترالیہ ( سیکریٹریٹ ) میں پیش آیا جس کے بعد پولیس نے خاتون کی تلاش شروع کردی ۔ پولیس نے آج بتایا کہ جمعرات کو شام 6.30 بجے یہ خاتون نے چیمبر کے باہر دیویندر فرنویس کے نام کی تختی نکال دی اور اسے زمین پر پھینک دیا ۔ فرنویس ڈپٹی چیف منسٹر ہیں ‘ داخلہ کا قلمدان رکھتے ہیں اور پہلے چیف منسٹر رہ چکے ہیں۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ خاتون منترالیہ میں داخل ہوئی اس کے پاس کوئی پاس بھی نہیں تھا ۔ تحقیقات کے بموجب خاتون نے سکیوریٹی عملہ سے کہا کہ وہ اپنا بیاگ سیکریٹریٹ کامپلکس میں بھول گئی ہے اور واپس لانا چاہتی ہے ۔ عمارت میںداخلہ کے بعد وہ ڈپٹی چیف منسٹر کے دفتر پہونچی وہاں اس نے نام کی تختی نکال دی اور اسے زمین پر پھینک کر نقصان پہونچایا ۔ اس کے بعد وہ منترالیہ سے چلی گئی ۔ خاتون کی ابھی تک شناخت نہیںہوسکی اور مقدمہ درج کرلیا گیا ۔