قومی سیاست میں حصہ لینے کے فیصلہ کا خیرمقدم
حیدرآباد ۔29 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) مہاراشٹرا کی اہم سیاسی شخصیت سابق رکن راجیہ سبھا اور لوک مت میڈیا گروپ کے صدرنشین وجئے دردا نے آج پرگتی بھون میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر انہوں نے تلنگانہ میں جاری ترقیاتی کاموں کی ستائش کی اور کہا کہ ملک کیلئے تلنگانہ ایک مثال ہے۔ انہوں نے قومی سیاسی صورتحال پر کے سی آر سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی کی حکمرانی کے سبب دن بہ دن تمام شعبہ جات کی صورتحال ابتر ہورہی ہے۔ عوام کو دن بہ دن مسائل میں اضافہ کا سامنا ہے۔ انہوں نے موجودہ صورتحال میں قومی سطح پر متبادل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے پرامن جمہوری تحریک کے ذریعہ علحدہ ریاست حاصل کیا ہے۔ کے سی آر کی قیادت میں کئی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات شروع کی گئیں جو ملک کیلئے ایک مثال ہے۔ کے سی آر حکمرانی کی ستائش کرتے ہوئے وجئے دردا نے قومی سیاست میں حصہ لینے کے فیصلہ کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کا سیاسی تجربہ اور ان کی موثر حکمرانی کی تلنگانہ کے علاوہ ملک کے عوام کو ضرورت ہے۔ ملک کے عوام کے سی آر کی صورت میں قومی سطح پر متبادل کا انتظار کر رہے ہیں۔ ر