مہاراشٹرا کے بیڑ میں مسجد کی دیوار پر ہندو نعرہ تحریر کرنے کے بعد کشیدگی

,

   

ممبئی: مہاراشٹر میں بیڑ ضلع کے ماجلگاؤں گاؤں میں پیر کی شام کچھ نامعلوم شرپسندوں نے ہولی کے رنگوں سے مسجد کی دیوار پر ’جے شری رام‘ تحریر کیا، جس کے بعد علاقہ میں کشیدگی دیکھی گئی۔ مسلمانوں نے شرپسندی کے خلاف جم کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔علاقہ کے مسلمانوں نے ہولی کے موقع پر اس طرح کی شرانگیز حرکت پر شدید غم و غصہ کا اظہارکیا۔ پولیس نے مسلمانوں کے احتجاج کے بعد فوری کارروائی کرتے اس معاملہ میں مقدمہ درج کرلیا اور اس بات کا یقین دلایا کہ 24 گھنٹوں کے اندر ملزمین کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔علاقے میں کشیدگی کو دیکھتے ہوئے سیکوریٹی فورسس کو تعینات کیا گیا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کیلئے پولیس نے سخت انتظامات کئے ہیں۔