مہاراشٹرا کے ناندیڑ میں شرپسندوں کے حملہ میں دو مسلم نوجوان زخمی

   

ممبئی: مہاراشٹرا کے ناندیڑ میں دو مسلم نوجوان شرپسندوں کے حملہ میں شدید طور پر زخمی ہوگئے۔ ہنگولی گیٹ میں پھول کی دکان پر کام کرنے والے دو مسلم نوجوانوں پر شرپسندوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں وہ شدید طور پر زخمی ہوگئے۔شرپسندی کے واقعہ کے بعد مقامی مسلمانوں نے وزیر آباد پولیس اسٹیشن کے سامنے حملہ آوروں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس دوران ضلع ایس پی شری کرشن کوکاٹے نے فوری طور پر ملزمین کی گرفتاری کیلئے دو ٹیمیں تشکیل دی اور احتجاجیوں کو یقین دلایا کہ حملہ آوروں کی فوری طور پر شناخت کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔ پولیس نے زخمی نوجوان کی شکایت پر اشرار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ اطلاعات کے مطابق ہنگولی گیٹ کے قریب نوجوان ہولی جلارہے تھے کہ اس دوران وہاں کسی بات پر مسلم نوجوانوں کے ساتھ بحث و تکرار ہوئی، جس کے بعد ان پر حملہ کردیا گیا۔