مہاراشٹرا کے واحد مسلمان چیف منسٹر عبدالرحمن انتولے کی اہلیہ نرگس کا انتقال

   

ممبئی : مہاراشٹرا کے پہلے مسلمان چیف منسٹر اور سابق مرکزی وزیر مرحوم عبدالرحمن انتولے کی اہلیہ نرگس انتولے انتقال کرگئیں وہ ایک مصنفہ بھی تھیں ۔ موصولہ اطلاع کے مطابق گزشتہ نصف شب عبدالرحمن انتولے کی اہلیہ نرگس انتولے نے جنوبی ممبئی میں منترالیہ کے نزد واقع اپنی رہائش گاہ میں آخری سانس لی ۔ ایک سال قبل ان کے صاحبزادے بھی انتقال کرگئے تھے ۔نرگس انتولے کے جسد خاکی کو صبح سویرے خطہ کوکن میں انتولے کے آبائی وطن ابیٹ لے جایا گیا اور آج بعد نماز ظہر انہیں سپرد خاک کیا گیا ۔ وہ 78 برس کی تھیں ۔ مرحومہ انجمن اسلام کے نائب صدر اور سابق ایم ایل سی مشتاق انتولے کی خوش دامن اور حقیقی چچی بھی تھیں ۔چند سال قبل نرگس انتولے نے عبدالرحمن انتولے اور ان کے درمیان ہونے والی خط و کتابت کو کتابی شکل دی تھی اور شیوسینا سربراہ اور سابق وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے ہاتھوں انجمن اسلام میں اجراء کا جلسہ ہوا تھا ۔