ممبئی : بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کی قیادت میں مہاراشٹرا کے ایم ایل اے کپل پاٹل کو جنتا دل یونائیٹڈ کا قومی جنرل سکریٹری مقرر کیا گیا ہے ۔ جے ڈی (یو) کے قومی صدر اور لوک سبھا میں پارٹی کے لیڈر، ایم پی راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ نے آج یہ تقرری کی۔کپیل پاٹل راشٹرا سیوا دل کے قائم مقام ٹرسٹی ہونے کے ساتھ ساتھ مہاراشٹر قانون ساز کونسل میں سوشلسٹ نظریات کے واحد قانون ساز ہیں۔ سوشلسٹ لیڈر باپو صاحب کردتے کے بعد قومی سطح پر کسی سوشلسٹ تحریک کے کارکن کو دئے جانے والا یہ ایک بڑا اعزاز ہے ۔ کپل پاٹل مسلسل تین مرتبہ ممبئی میں اساتذہ کی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔ تعلیم کے حق اور اساتذہ کے احترام کے لیے وہ قانون ساز کونسل میں اور قانون ساز کونسل کے باہر سڑک پر آکر آواز اٹھا چکے ہیں۔ پسماندہ اور مظلوموں کے لیے جدوجہد کرنے والے رہنما کے طور پر ان کی ایک مخصوص شناخت ہے ۔