مہاراشٹر میں شاہراہ پر موجود مزار منہدم کردیا گیا

   

ممبئی : بی جے پی رکن اسمبلی اور پارٹی ترجمان نتیش رانے نے ناسک چاندواڑ قومی شاہراہ پر بنے ناجائز مزار کی تصویریں قانون ساز احاطہ میں دکھائی تھیں اور اس پر اعتراض ظاہر کیا تھا۔ مہاراشٹر میں ایک بار پھر انتطامیہ کے ذریعہ بلڈوزر کا استعمال کر مبینہ ناجائز مزار کو منہدم کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ رات کی تاریکی میں ناسک منماڈ چاندواڑ شاہراہ پر بنے ناجائز مزار پر بلڈوزر ایکشن ہوا ہے۔ اس سے قبل میرا روڈ میں بھی ایک مزار کو نیست و نابود کر دیا گیا تھا۔ دراصل بی جے پی رکن اسمبلی نتیش رانے نے اسمبلی میں قومی شاہراہ پر بنے اس مزار کا معاملہ اٹھایا تھا اور اسے مزار کے نام پر ’لینڈ جہاد‘ سے تعبیر کیا تھا۔ انھوں نے مزار کو ختم کرنے کا الٹی میٹم بھی دیا تھا جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ انتظامیہ نے بلڈوزر سے مزار کو منہدم کر دیا۔ اس کارروائی کے بعد شاہراہ پر سیکوریٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ بڑی تعداد میں پولیس فورس کی تعیناتی کی گئی ہے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ بی جے پی رکن اسمبلی اور ترجمان نتیش رانے نے گزشتہ دنوں ناسک چاندواڑ قومی شاہراہ پر بنے اس مزار کی تصویریں قانون ساز احاطہ میں دکھائی بھی تھی اور اس پر سخت ناراضگی بھی ظاہر کی تھی۔ گزشتہ جمعرات کو نتیش رانے نے کہا تھا کہ قومی شاہراہ پر اس طرح سے ناجائز مزار بنانے کے لیے یہ کوئی پاکستان نہیں ہے۔ یہ ہندوستان ہے اور یہاں یہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔